• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا پر خواتین کیخلاف بڑھتا ہوا منفی رویہ، ہانیہ عامر برس پڑیں

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے منفی رویوں پر صارفین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے خوش گوار اور کامیاب زندگی گزارنے والی خواتین کو تنقید کا نشانہ بنانے والے رویوں پر کھل کر بات کی ہے۔

انسٹاگرام پر 20 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی اداکارہ نے کہا ہے کہ میں تنازعات سے ناواقف نہیں ہوں، لیکن جو کچھ میرے اردگرد ہو رہا تھا، اس سے میں بہت تھک گئی تھی، میں نے کچھ وقت کے لیے وقفہ لیا کیونکہ مجھے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیا ہو رہا ہے، میں ہفتوں یہی سوچتی رہی کہ کیا مجھ سے کوئی غلطی ہو رہی ہے؟ کیا مجھے خود کو بدلنے کی ضرورت ہے؟ اور پھر مجھے احساس ہوا کہ لوگ خوش اور کامیاب خواتین کو برداشت نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منفی رویہ صرف مردوں تک محدود نہیں بلکہ خواتین بھی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں شامل ہیں، لوگ ہمیں اس سانچے میں ڈھالنا چاہتے ہیں جو انہوں نے اپنے ذہن میں بنا رکھا ہے اور جب ہم اس میں فٹ نہیں ہوتے تو ہمیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر خواتین کے درمیان بڑھتی ہوئی تنقید اور لیبلنگ پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم اب بھی یہ سوچتے ہیں کہ لوگ کیا کہیں گے، پہلے یہ دباؤ خاندان اور رشتے داروں تک محدود تھا لیکن اب یہ انسٹاگرام پر منتقل ہو گیا ہے، جو زیادہ خطرناک ہے کیونکہ اب تنقید کرنے والا کوئی جان پہچان کا نہیں بلکہ انجان لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی خواتین کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کر رہے ہیں، انہیں رنگت، جسمانی ساخت یا ظاہری شکل کی بنیاد پر جج کر رہے ہیں۔

انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف نفرت اور تنقید کو فروغ دینے کے بجائے حمایت کریں، براہِ کرم لوگوں کو جینے دیں، ہر کوئی ایک جیسا نہیں ہو سکتا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید