پاکستانی شوبز انڈسٹری میں فہد مصطفیٰ سے متعلق عمر کے حوالے سے جاری بحث پر سینئر اداکارہ مرینہ خان نے اپنی ساتھی اداکارہ عتیقہ اوڈھو کے بیان کا دفاع کر دیا۔
یاد رہے کہ عتیقہ اوڈھو نے ایک پروگرام میں فہد مصطفیٰ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی عمر کے مطابق اداکاراؤں کے ساتھ کام کریں، جس پر بعد ازاں فہد مصطفیٰ نے بھی مزاحیہ انداز میں ردِعمل دیتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
دونوں فنکاروں کی جانب سے بعد میں معذرت بھی کی گئی، تاہم یہ معاملہ دوبارہ اس وقت زیرِ بحث آیا جب ہمایوں سعید نے عتیقہ اوڈھو اور نادیہ خان کو اپنی بڑی بہنیں قرار دیا۔
مرینہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عتیقہ اوڈھو نے ایک ریپڈ فائر سوال کے جواب میں معصومانہ انداز میں رائے دی تھی، جس میں کوئی بدنیتی شامل نہیں تھی، تاہم اس پر غیر ضروری ردِعمل سامنے آیا۔
ان کا کہنا ہے کہ شوبز انڈسٹری کی خوبصورتی یہی ہے کہ یہاں عمر کی کوئی حد نہیں اور ہر عمر کے لوگ ایک ساتھ کام کرتے ہیں۔
دوسری جانب نادیہ خان نے کہا کہ ہمایوں سعید نے فہد مصطفیٰ کے بیان پر ہنسی کا اظہار کیا تھا اور مزید کہا کہ ’جینٹل مین‘ میں کردار ’منا‘ ادا کرنے کے بعد ہمایوں سعید میں عمر کے حوالے سے حساسیت پیدا ہوئی۔
عتیقہ اوڈھو نے بھی ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تنازع کے بعد میں خود کو منی فیس لفٹ کروانے کے دباؤ میں محسوس کر رہی ہوں، حالانکہ میں نے اب تک کوئی کاسمیٹک پروسیجر نہیں کروایا ہے۔