• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’آپ چلی گئیں لیکن دل ابھی بھرا نہیں‘، عمران عباس کا آشا بھوسلے کو خراجِ عقیدت

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی اداکار عمران عباس نے معروف بھارتی گلوکارہ آشا بھوسلے کی وفات پر انہیں جذباتی خراجِ عقیدت پیش کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر عمران عباس نے ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے 92 برس کی عمر میں انتقال کرنے والی بھارتی گلوکارہ کے ساتھ تصویر شیئر کی۔

اداکار نے آشا بھوسلے کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے آج بھی یاد ہے جب آشا بھوسلے نے پہلی بار سنگاپور سے ایک مشترکہ دوست کے ذریعے مجھے فون کیا۔


انہوں نے کہا کہ ہماری ایک سادہ سی گفتگو ایک ایسے رشتے میں بدل گئی جو محبت، قہقہوں اور ان کی ناقابلِ فراموش شوخیوں سے بھرپور تھی۔

43 سالہ اداکار نے لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ آشا جی! آپ نے اپنے سُروں سے میرے بچپن سے لے کر آج تک میری زندگی کو خوبصورت بنایا۔

عمران عباس کے مطابق ’رادھا کیسے نہ جلے‘ گانے کو آواز دینے والی گلوکارہ محض ایک فنکارہ نہیں تھیں بلکہ موسیقی کی ایک مکمل دنیا تھیں، ان کی آواز صرف بھارت تک محدود نہیں تھی بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک تحفہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی ہم ان سے اتنی ہی محبت کرتے تھے جتنی دنیا کے کسی بھی حصے میں کی جاتی تھی۔

اداکار نے مزید کہا کہ آپ کی آواز وسعت، توانائی اور جذبات کے اعتبار سے بے مثال تھی، آپ بلاشبہ بالی ووڈ کی سب سے جوان روح رکھنے والی پلے بیک سنگر تھیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر عمران عباس نے لکھا کہ آج ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ایک سنہری دور کا خاتمہ ہو گیا ہو، یہ صرف ایک ملک کا نہیں بلکہ موسیقی کا نقصان ہے، آپ جیسی کوئی نہیں تھی اور نہ کبھی ہو گی، الوداع ملکہ! آپ ہمیشہ یاد آئیں گی، آپ چلی گئیں لیکن دل ابھی بھرا نہیں۔

واضح رہے کہ آشا بھوسلے کا انتقال گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید