چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے حال ہی میں فضا علی کی شوہر کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
فضا علی کی شوہر کے ساتھ حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو ان کے مارننگ شو کی ہے۔
حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں فضا علی پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہمارے ٹی وی چینلز کو کیا ہو گیا ہے؟ خاتون اینکر کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ ان کا گھر نہیں ہے جہاں وہ جو چاہے کر سکتی ہیں، بہتر ہے کہ وہ ایسی چھچھوری حرکتوں سے باز رہیں۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ نیشنل ٹی وی پر بیٹھ کر ایسی حرکتیں کرنا انہیں زیب نہیں دیتا۔
حنا پرویز بٹ نے لکھا ہے کہ یہ ایک انتہائی شرمناک حرکت ہے ، پیمرا کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔
اُنہوں نے مزید لکھا ہے کہ نیشنل ٹی وی پر خاتون اینکر اور ان کے شوہر نے اپنی بیٹی کے سامنے جس طرز عمل اور چھچھور پن کا اظہار کیا وہ افسوس ناک ہے، ایسا طرزِ عمل نابالغ بچوں کے سامنے گھر میں دہرانا بھی غیر اخلاقی ہے کجا کہ اسے کروڑوں ناظرین کے سامنے ٹی وی پر دکھایا جائے۔
حنا پرویز بٹ نے لکھا ہے کہ بڑوں کو اچھے اخلاق اور وضع داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ بچے اور نوجوان نسل کچھ بہتر سیکھ سکیں۔
اُنہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ غیر اخلاقی، بچکانہ اور چھچھوری حرکتوں سے نوجوانوں کے ذہنوں پر برا اثر پڑتا ہے، پھر ہم کہتے ہیں کہ آج کل کی نوجوان نسل اخلاقی گراوٹ کی شکار کیوں ہو رہی ہے۔