• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روتے ہوئے خوبصورت کیسے دکھائی دیں؟ ماورا حسین نے تکنیک سے پردہ اُٹھا دیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

رونے کے فن پر مہارت حاصل کرنے والی پاکستانی معروف اداکارہ ماورا حسین نے اپنی حقیقت کے قریب رونے کی تکنیک سے پردہ اُٹھا دیا۔

روتے ہوئے بھی خوبصورت دکھائی دینے والی اداکارہ ماورا حسین ان دنوں اپنے کرائنگ چیلنج ’کرائنگ لائک ماورا‘ کے باعث خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

متعدد سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے اداکارہ کی طرح رونے کی ویڈیوز بنانے کی کوشش کی، تاہم اداکارہ عروہ کے مطابق کوئی بھی اس چیلنج کو بخوبی انجام نہ دے سکا۔

 جذباتی مناظر میں رونے کے فن پر مہارت حاصل کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے ماورا حسین نے کہا کہ ابتداء میں جب امی سے ڈانٹ پڑتی تھی تو رونا آتا تھا، تو میں خود کو آئینے میں دیکھا کرتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب سیٹ پر پہلی بار رونا تھا تو مجھے لگا میں نے بہت پریکٹس کی ہے لیکن سیٹ پر میرے لیے رونا مشکل تھا کیونکہ جب آپ نئے ہوتے ہیں تو آپ کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ اپنے جذبات کو کس طرح استعمال کرنا ہے، مجھے لگتا ہے کہ میں شروع میں رونے کے مناظر مکمل طور پر درست انداز میں ادا نہیں کر پاتی تھی، حالانکہ میں پوری ایمانداری سے کوشش کرتی تھی، وقت کے ساتھ میں نے یہ فن سیکھ لیا۔

دورانِ انٹرویو انہوں نے کہا کہ میرے لیے کسی بھی کردار کی بیک اسٹوری بہت اہم ہوتی ہے کیونکہ وہ آپ کی اداکاری میں مدد دیتی ہے، میں نے ہمیشہ اپنے اسکرپٹس کو سنجیدگی سے لیا، میری نیت ہمیشہ خالص رہی، جس نے میری رہنمائی کی۔

ماورا نے کہا کہ اپنے پہلے رونے کے منظر میں مجھے ہدایت کار کی جانب سے ڈانٹ پڑی، جس نے مجھے رونے میں مدد دی، اس وقت میں کم عمر تھی، اس لیے ہدایت کار کے سخت لہجے پر رونا آسان تھا، اب میں اپنے ہدایت کاروں کی تربیت سے بہت کچھ سیکھ چکی ہوں، میں نے سمجھ لیا ہے کہ دکھ کو اپنے اندر سے گزرنے دینا کیا ہوتا ہے اور اس نے میرے کیریئر کو مکمل طور پر بدل دیا۔

اداکارہ کے مطابق اب میں کسی بھی کردار کے لیے خود ایک خیال یا بیک اسٹوری تخلیق کرتی ہوں اور اس سے خود کو جوڑتی ہوں، اداکاری کے دوران میں اس لمحے میں سچائی برقرار رکھنے کی کوشش کرتی ہوں اور اپنے جذبات کے ساتھ مخلص رہتی ہوں۔

ماورا نے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات اس قدر شدید جذبات ہوتے ہیں کہ میں اپنی ذہنی صحت کے بارے میں فکر مند ہو جاتی ہوں، تاہم اب میں کیمرے پر دکھائے گئے جذباتی درد سے باآسانی باہر آ سکتی ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید