پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 23ویں میچ میں ایونٹ کی اب تک کی ناقابلِ شکست ٹیم پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بھی زیر کرلیا۔ اس فتح کے ساتھ زلمی کی پلے آف مرحلے کےلیے راہیں ہموار ہوگئی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پشاور زلمی نے بھی روایت برقرار رکھتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
حسن نواز 35 گیندوں پر 37 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر بیٹرز میں اپنا 100واں پی ایس ایل میچ کھیلنے والے رائلی روسو نے 26، خواجہ نافع نے 20، کپتان سعود شکیل نے 16، ٹام کرن نے 15 اور نوجوان شامل حسین نے 12 رنز بنائے۔
پشارو زلمی کی جانب سے بولنگ میں ایک مرتبہ پھر صفیان مقیم زبردست رہے، رواں ایونٹ کے لیڈنگ وکٹ ٹیکر صفیان مقیم نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ان کے علاوہ محمد باسط نے بھی 3 وکٹیں لیں۔
افتخار احمد نے بھی نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں 20 رنز دے کر ایک وکٹ لی جبکہ کوئٹہ کے 3 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی نے 155 رنز کا ہدف صرف 19ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 100ویں نصف سنچری بناتے ہوئے 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
زلمی کے دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث 35، کوشل مینڈس 21 رنز بنائے جبکہ ایرون ہارڈی 18 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے الزاری جوزف اور سعود شکیل نے ایک ایک وکٹ لی۔
پشاور زلمی کے صفیان مقیم کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ اس فتح کے ساتھ ہی پشاور زلمی نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن مستحکم کرلی جبکہ اسکی پلے آف مرحلے میں پہنچنے کی راہیں بھی ہموار ہوگئیں۔
پشاور زلمی کی ٹیم فاسٹ بولرز شرف الاسلام اور ناہید رانا کے بغیر میدان میں اتری۔