• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سر سید یونیورسٹی کے سمیر حسین قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ مقرر

سمیر حسین.
سمیر حسین.

 سر سید یونیورسٹی کے ہاکی کوچ سمیر حسین کو پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچز پینل میں شامل کرلیا گیا ہے، سمیر حسین کی کوچنگ میں سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی ٹیم نے ایچ ای سی اور دیگر ٹورنامنٹس میں شاندار فتح حاصل کی ہے۔ 

یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان، وائس چانسلر مس ارم اکبر علی خان، رجسٹرار سید سرفراز علی، ڈائریکٹر اسپورٹس مبشر مختار اور دیگر نے سمیر حسین کی بطور کوچ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی تقرری پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمیر حسین وسیع تجربہ اور لگن کے باعث اس باوقار عہدے تک پہنچے ہیں۔ 

انھوں نے کہا ہمیں یقین ہے کہ ان کی قیادت پاکستان جونیئر ٹیم کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گی اور ہمیں فخر ہے کہ وہ ہماری سر سید یونیورسٹی فیملی کا حصہ ہیں۔ یونیورسٹی کی انتظامیہ اور پوری کمیونٹی سمیر حسین کو کوچ مقرر کیے جانے پر انھیں دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کی منظوری کے بعد پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے قومی سینئر، جونیئر اور انڈر 18 (یوتھ) ٹیموں کے لیے نئے کوچنگ اور مینجمنٹ پینلز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

قومی سینئر ٹیم کیلئے اولمپین منظور الحسن کو بطور ہیڈ کوچ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ان کی معاونت کے لیے کوچنگ پینل میں اولمپین خواجہ محمد جنید (کوچ)، اولمپین وسیم احمد (کوچ)، انٹر نیشنل عدنان ذاکر (کوچ)، انٹر نیشنل مظہر عباس (گول کیپنگ کوچ) اور اولمپین شکیل عباسی (کوچ) کے طور پر شامل ہیں۔

پاکستان جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر اولمپین ایاز محمود کا تقرر کیا گیا ہے، کوچز پینل میں اولمپین سمیر حسین (کوچ)، انٹرنیشنل اظفر یعقوب (کوچ)، انٹرنیشنل عمران بٹ (کوچ) شامل ہیں۔ پاکستان یوتھ (انڈر 18) ٹیم کیلئے اولمپین قمر ابراہیم کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے ہمراہ کوچنگ کے فرائض انجام دینے والوں میں اولمپین ریحان بٹ (کوچ)، انٹرنیشنل یاسر اسلام (کوچ) اور اولمپین عمر بھٹہ (کوچ) شامل ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید