• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل بہت بڑا اسٹیج، اچھی کارکردگی آگے بڑھنے کا موقع فراہم کر سکتی ہے: عبداللّٰہ فضل

انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی روٹین، ڈسپلن اور پریکٹس کے طریقہ کار کو اپنانے کی کوشش کرتا ہوں، عبداللّٰہ فضل - فوٹو: جنگ
انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی روٹین، ڈسپلن اور پریکٹس کے طریقہ کار کو اپنانے کی کوشش کرتا ہوں، عبداللّٰہ فضل - فوٹو: جنگ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں راولپنڈیز کا حصہ بننے والے نوجوان کرکٹر عبداللّٰہ فضل نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ایک بہت بڑا اسٹیج ہے جہاں اچھی کارکردگی انہیں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کر سکتی ہے۔

جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں عبداللّٰہ فضل نے کہا کہ جب سے انہوں نے پروفیشنل کرکٹ کا آغاز کیا، ان کی یہی خواہش رہی کہ وہ پی ایس ایل کھیلیں اور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ مسلسل اچھی کارکردگی دکھائیں اور ٹیم کی جیت میں کردار ادا کریں تاکہ انہیں بھی مستقبل میں آگے بڑھنے کا موقع مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم بہت بڑا ہے اور جتنی بہتر کارکردگی ہوگی، اتنا ہی ان کے کیریئر کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

نوجوان اوپنر نے اپنے اہداف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سب سے بڑا ہدف یہی ہے کہ وہ عمدہ کارکردگی دکھا کر پاکستان ٹیم میں جگہ بنائیں۔

عبداللّٰہ فضل کا کہنا تھا کہ ٹیم میں موجود سینئر اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے اور وہ مسلسل سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی روٹین، ڈسپلن اور پریکٹس کے طریقہ کار کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ خاص طور پر عثمان خواجہ سے کافی چیزیں سیکھ رہے ہیں کیونکہ وہ بھی اوپنر ہیں۔

عبداللّٰہ فضل کا کہنا تھا کہ وہ عثمان خواجہ کی پریکٹس کو بغور دیکھتے ہیں اور ان سے سیکھنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل جیسے بڑے پلیٹ فارم پر پرفارم کر کے ہی کھلاڑی قومی ٹیم تک رسائی حاصل کرتے ہیں، اس لیے ان کی پوری توجہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید