• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد یونائیٹڈ ٹاپ 4 میں جگہ بنانے کیلئے پُرامید ہے: فہیم اشرف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے پاکستان سُپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کو نوجوان کرکٹرز کے لیے ’گیم چینجر پلیٹ فارم‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لیگ کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر پہچان دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

’جیو نیوز‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے اعتراف کیا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی اب تک مکمل طور پر مثالی نہیں رہی، ایک میچ بارش کی نذر ہوا جبکہ 2 اہم میچز میں شکست نے ٹیم کی پوزیشن کو متاثر کیا تاہم ٹیم اب بھی ٹاپ فور میں جگہ بنانے کے لیے پُرامید ہے اور ٹاپ ٹو تک رسائی کے لیے بھی پُرعزم ہے۔

فہیم اشرف نے کہا کہ شکست کی صورت میں بھی کم مارجن سے ہارنا اہم ہوتا ہے تاکہ غلطیوں سے سیکھا جا سکے۔ 

اُنہوں نے واضح کیا کہ میرے نزدیک ذاتی کارکردگی سے زیادہ ٹیم کی کامیابی اہم ہے اور میں ہمیشہ ٹیم کی جیت کو ترجیح دیتا ہوں۔

فہیم اشرف نے پاکستان سپر لیگ کو اپنے کیریئر کا اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لیگ ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی بہترین لیگز میں شمار ہوتی ہے جہاں ہر میچ میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم یا دیگر عالمی لیگز میں مواقع ضرور ملتے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ٹیم کلچر پر بات کرتے ہوئے فہیم اشرف نے کہا کہ فرنچائز کی سب سے بڑی طاقت اس کا مثبت ماحول اور مضبوط کور گروپ ہے جہاں جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جاتا ہے، جو ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا معیار، خاص طور پر بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبے میں، دیگر لیگز کے مقابلے میں زیادہ سخت اور مؤثر ہے جہاں کھلاڑیوں کو ہر شعبے میں مسلسل خود کو ثابت کرنا پڑتا ہے۔

نوجوان کرکٹرز کے لیے پیغام دیتے ہوئے فہیم اشرف نے کہا کہ کامیابی کے لیے محنت، فوکس اور نظم و ضبط بنیادی عناصر ہیں۔

اُنہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ کرکٹ پر مکمل توجہ دیں اور ہمیشہ پاکستان کو ترجیح دیں۔

فہیم اشرف کے مطابق پی ایس ایل نئے ٹیلنٹ کے لیے ایک نرسری کی حیثیت رکھتی ہے جہاں سے ہر سال باصلاحیت کھلاڑی سامنے آ کر مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ بنتے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید