پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے سپر اسٹار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ یہ ضروری نہیں کہ میں ندیم بیگ کی ہر فلم کا ہیرو کاسٹ کیا جاؤں، کوئی بھی ساری زندگی کسی کے ساتھ کام نہیں کرسکتا۔
جنگ ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں ہمایوں سعید نے بتایا کہ عائزہ خان کے ساتھ پہلے مجھے فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی، میں نے ندیم بیگ کو اپنی مصروفیت کی وجہ سے منع کیا، تو انہوں نے عائزہ خان کے ساتھ فواد خان کو کاسٹ کیا۔
ہمایوں سیعد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے ہدایتکار ندیم بیگ کے ساتھ بہت کام کیا اور آئندہ بھی ہم ساتھ کام کرتے رہیں گے، ہم دونوں کو دوسری ٹیم کے ساتھ بھی کام کرنا چاہیے۔
پاکستانی اسٹار اداکار نے مزید کہا کہ ان دنوں میں نے 4 فلموں پر کام شروع کیا ہوا ہے، آئندہ برس میٹھی عید اور بڑی عید پر میری 2 فلمیں ریلیز ہوں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ندیم بیگ کی ڈائریکشن میں ہم نے سپرہٹ ڈرامے اور فلمیں کی ہیں، یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، میں فواد خان اور عائزہ خان کی آنے والی نئی فلم کے لیے دُعا گو ہوں کہ وہ کامیاب ہو۔