پاکستانی گلوکار گوہر ممتاز نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اسٹار سنجے دت نے میرے بینڈ کے مشہور گانے عادت کو اپنی فلم میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم یہ گانا بعد میں بھٹ پروڈکشن کی فلم کا حصہ بن گیا۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے گوہر ممتاز نے بتایا کہ جب میں 19 سال کا تھا تو مجھے سنجے دت کی ٹیم کی جانب سے کال موصول ہوئی تھی، اس وقت میں اپنے بینڈ جل کے ہمراہ ممبئی میں نئے البم کی لانچ کے سلسلے میں موجود تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرے منیجر نے بتایا کہ سنجے دت ہمارا گانا عادت اپنی فلم میں استعمال کرنا چاہتے ہیں، جس پر ہم سب حیران رہ گئے کیونکہ یہ ہمارے لیے ناقابلِ یقین بات تھی، تاہم بعد ازاں یہ گانا مہیش بھٹ کی فلم میں شامل کر لیا گیا۔
گوہر ممتاز نے بتایا کہ ایک موقع پر میں نے ممبئی میں سنجے دت سے ملاقات بھی کی، جہاں میں نے پوچھا کہ آپ نے پہلی بار یہ گانا کیسے سنا؟ اس پر سنجے دت نے بتایا کہ پاکستان میں میری ایک جاننے والی خاتون سی ڈی لے کر آئی تھیں اور مجھے یہ گانا سننے کا کہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سنجے دت نے مجھ سے کہا کہ میں اپنی گاڑی میں جل بینڈ کے گانے سنتا ہوں، جبکہ سلمان خان، انیل کپور اور جیکی شروف بھی عادت کو سننے والوں میں شامل ہیں۔
گلوکار نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ اس دور میں پاکستانی فنکاروں کو اپنے ملک میں اس وقت تک مکمل پزیرائی نہیں ملتی تھی جب تک وہ بالی ووڈ میں کامیابی حاصل نہ کر لیں، حالانکہ ان کے گانے پہلے ہی پاکستان میں مقبول ہو چکے ہوتے تھے۔
انہوں نے نئے فنکاروں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت بدل چکا ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے یوٹیوب کے ذریعے گانے پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش میں بیک وقت ہٹ ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گوہر ممتاز نے 2002ء میں لاہور میں جل بینڈ کی بنیاد رکھی تھی، جبکہ 2003ء میں ریلیز ہونے والا گانا عادت پاکستان کے مقبول ترین گانوں میں شمار ہوتا ہے۔