امریکی ریپر سوئے لی بھارت میں ہونے والے چیری بلاسم میوزک فیسٹیول کے دوران اس وقت شدید غصے میں آ گئے جب ایک شخص نے ان کے چہرے پر شراب پھینک دی، جس کے باعث انہیں اپنی پرفارمنس روک کر سیکیورٹی طلب کرنا پڑی۔
واقعہ ریاست میگھالیہ میں منعقدہ 2 روزہ شیلونگ چیری بلاسم فیسٹیول کے دوران پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریپر اپنے مداحوں سے گفتگو کے بعد 2016ء کے مقبول گانے ’بلیک بیٹلز‘ پر پرفارم کرنے کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک ایک شخص نے ان کی جانب شراب اچھال دی، جو ان کے چہرے پر جا لگی۔
واقعے پر سوئے لی شدید برہم ہو گئے، انہوں نے فوری طور پر اپنے ڈی جے کو موسیقی بند کرنے کا کہا اور غصے میں پوچھا کہ شراب کس شخص نے پھینکی ہے۔
ریپر نے ذمے دار شخص کو مخاطب کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر تم نے دوبارہ میرے چہرے پر شراب پھینکی تو میں تمہیں ماروں گا، اس کے بعد انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو باہر نکالنے کا حکم دیا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے جلد ہی 1 شخص کو ہجوم سے باہر نکال دیا، سوئے لی نے تولیہ منگوایا، اپنا چہرہ صاف کیا اور دوبارہ اسٹیج پر آ کر اپنی پرفارمنس مکمل کی، واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے بھی کارروائی کی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے 22 نومبر کو تصدیق کی کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ملزم کی شناخت کر کے اسے حراست میں لیا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا۔
فیسٹیول کے دوران کسی ناخوش گوار رویے کا سامنا کرنے والے سوئے لی واحد غیر ملکی فنکار نہیں تھے، آر اینڈ بی گلوکار خالد کی پرفارمنس کے دوران بھی ایک شخص نے ان کی جانب ٹی شرٹ پھینک دی تھی۔
2 روزہ شیلونگ چیری بلاسم فیسٹیول 20 اور 21 نومبر کو ریاست میگھالیہ کے علاقے بوئریم بونگ میں واقع مدن کرکالانگ اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا، جس میں بین الاقوامی فنکاروں، بھارتی گلوکاروں اور شمال مشرقی بھارت کے فنکاروں نے شرکت کی۔