دبئی پولیس نے حالیہ بارشوں کے دوران خطرناک اسٹنٹس اور لاپروا طریقے سے ڈرائیونگ میں ملوث گاڑیوں کو ضبط کرکے بھاری جرمانے عائد کردیے گئے۔
ٹریفک کے جنرل ڈپارٹمنٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان کے مطابق پولیس گشت کے دوران ایسے ڈرائیورز کی نشاندہی کی گئی جو ڈرفٹنگ اور دیگر خطرناک حرکات میں ملوث تھے، جس سے نہ صرف ان کی اپنی جان بلکہ دیگر شہریوں کی سلامتی بھی شدید خطرے میں پڑ گئی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بارش کے دوران یہ رویہ مزید خطرناک ہو جاتا ہے، کیونکہ پھسلن والی سڑکیں اور ٹائروں کی گرفت میں کمی گاڑی پر قابو کھونے اور سنگین حادثات کے امکانات کو بڑھا دیتی ہے۔
الرویہ اور لہباب سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جہاں خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کی گئی، حکام کے مطابق ضبط شدہ گاڑیوں کی رہائی کے لیے جرمانہ 50 ہزار درہم تک ہو سکتا ہے۔
بریگیڈیئر بن سویدان نے کہا کہ دبئی پولیس امارت بھر میں ٹریفک گشت مزید سخت کرے گی اور کسی بھی ایسی حرکت کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے خطرہ بنے۔