بالی ووڈ اداکارہ زرین خان نے اپنی والدہ کو پہلی محبت، بہترین دوست اور اپنی دنیا قرار دیا ہے۔
38 سالہ زرین خان جو اپنی والدہ پروین خان کےانتقال کے بعد گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں، انہوں نے وفات کے 10 دن بعد سوشل میڈیا پر نہایت جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔
اداکارہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ میری والدہ میری پہلی محبت تھیں، وہ بہترین دوست بلکہ میری دنیا تھیں، ان کی جدائی نے دل میں ناقابل تلافی خلا اور مسلسل رہنے والا درد دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو گئے ہوئے 10 دن ہوگئے ہیں، میں کوئی طویل پیغام نہیں لکھوں گی، آپ بخوبی جانتی ہیں، آپ کے بغیر میں کس کیفیت سے گزر رہی ہوں۔
زرین خان نے یہ بھی کہا کہ آپ کی بہت یاد آتی ہے، دوبارہ ملاقات تک۔
اس موقع پر مداحوں کی بڑی تعداد نے اُن کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، اُن کے لیے دعائیں اور حوصلہ افزاء پیغامات بھیجے ہیں۔
زرین خان کی والدہ کا انتقال 8 اپریل کو ہوا، کئی مداحوں نے اس موقع پر ماں اور بیٹی کے مضبوط تعلق کو یاد کیا۔
اداکارہ نے 2010ء میں سلمان خان کے مقابل فلم ویر سے فلم نگری میں قدم رکھا تھا، جس کے بعد وہ ہاؤس فل 2، ہیٹ اسٹوری 3، اکثر 2 اور 1921 جیسی فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔