وزارت داخلہ بلوچستان کے معاون بابر یوسفزئی نے انکشاف کیا ہے کہ معصوم بچیوں کو دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، بہنوں اور بیٹیوں کے رشتے جوڑنے سے پہلے چھان بین کریں۔
ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات اور ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ اعتزاز گورایہ کی کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران افغانستان سے ٹریننگ حاصل کرنے والی خاتون خودکش حملہ آور کی ویڈیو بھی چلائی گئی۔
بابر یوسف زئی نے کہا دہشت گرد بلوچستان کا مثبت چہرہ مسخ کررہے ہیں، دہشت گردی میں فتنہ الہندوستان ملوث ہے، دہشت گرد معصوم بچیوں کو دہشت گردی میں استعمال کر رہے ہیں، دہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، دہشتگردوں کی جانب سے معصوم خواتین کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے کہا کہ بزدل دشمن خواتین اور بچوں کو استعمال کرتے ہیں، افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے، دہشت گرد یہاں کارروائیوں کے بعد افغانستان جاکر چھپ جاتے ہیں۔