پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے 29 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118 رنز سے شکست دے دی۔ زلمی کی ٹیم ایونٹ میں تاحال ناقابلِ شکست ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
اس فتح کے ساتھ پشاور زلمی کے 15 پوائنٹس ہوگئے، وہ ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست بھی ہے، پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد یہ اعزاز اپنے مداحوں اور اہلِ خانہ کے نام کر دیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتی رہی۔ پوری ٹیم 18.1 اوورز میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بیون جیکبز 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
شامل حیسن نے 21 رنز بنائے، دنیش چندی مل اور الزار جوزف نے 19، 19 رنز کی باریاں کھیلیں۔
پشاور زلمی کے علی رضا اور محمد باسط نے تین، تین، ایرن ہارڈی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پہلی اننگ میں پشاور زلمی کو آغاز میں محمد حارث نے جارحانہ آغاز فراہم کیا اور صرف 6 گیندوں پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم اس کے بعد کشال مینڈس اور بابر اعظم نے میدان سنبھال لیا۔
پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ اسکور کر دیا، جس میں بابر اعظم اور کشال مینڈس کی شاندار اننگز مرکزی حیثیت رکھتی ہیں۔
زلمی کے کپتان بابر اعظم نے صرف 52 گیندوں پر 6 چوکے اور 4 چھکے لگا کر 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اور پوری اننگز میں کلاسیکل اور جارحانہ بیٹنگ کا حسین امتزاج پیش کیا، بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بارہویں اور پی ایس ایل میں تیسری سنچری بنائی۔
بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ویرات کوہلی کی 47 شراکتوں کا ریکارڈ بھی برابر کرنے میں کامیاب ہوگئے، اُنہوں نے میچ میں کوشال مینڈس کے ساتھ دوسری وکٹ پر 135 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی ، اس کے علاوہ پشاور زلمی کی ٹیم پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا سب سے بڑا مجموعہ اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔
کوشل مینڈس نے بھی تباہ کن انداز اپناتے ہوئے 44 گیندوں پر 83 رنز بنائے، جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ بابر اور مینڈس نے دوسری وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم کر کے گلیڈی ایٹرز کے بولرز کو بےبس کر دیا۔
آخر میں ایرون ہارڈی نے 10 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 26 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے کو 255 تک پہنچایا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز زلمی کے سامنے بےبس دکھائی دیے۔ جہانداد خان، الزاری جوزف، ابرار احمد، سعود شکیل اور دیگر بولرز کو رنز روکنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
الزاری جوزف نے 4 اوورز میں 59 رنز دیکر 1 وکٹ حاصل کی، جبکہ دیگر بولرز بھی مہنگے ثابت ہوئے، ابرار احمد اور عثمان طارق نے بھی ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔