• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

جاپان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی۔

یورپی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز سطح زمین سے 10 کلو میٹر کی گہرائی پر تھا، زلزلے کے بعد 3 میٹر بلند سونامی آنے کا خطرہ ہے۔

جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 53 منٹ پر صوبہ ایواتے کے شمالی ساحل کے قریب بحر الکاہل میں آیا، جس کے جھٹکے دارالحکومت ٹوکیو تک محسوس کیے گئے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سونامی کی لہریں 3 میٹر تک بلند ہو سکتی ہیں اور ابتدائی لہریں فوری طور پر ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔

حکام نے ساحلی اور دریا کے کنارے رہنے والے افراد کومحفوظ مقامات، خصوصاً اونچی جگہوں یا مخصوص عمارتوں میں منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی، بیان میں کہا گیا ہے کہ سونامی کی لہریں بار بار آ سکتی ہیں، اس لیے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ وارننگ ختم ہونے تک محفوظ مقامات نہ چھوڑیں۔

دوسری جانب جاپانی وزیراعظم کے دفتر نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کرائسز مینجمنٹ ٹیم قائم کر دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے بعد بلٹ ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے جبکہ ساحل کے قریب سونامی کی لہریں بھی دیکھی گئی ہیں۔

زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید