امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ ایرانی وفد کل اسلام آباد آنے کے لیے منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
اخبار نے دعویٰ کیا کہ امریکی وفد سے مذاکرات کیلئے ایرانی وفد کی کل اسلام آباد آمد متوقع ہے، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی شرکت کی صورت میں ایرانی اسپیکر بھی شریک ہوں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جے ڈی وینس کا طیارہ جلد پاکستان پہنچ جائے گا، مذاکرات میں پیشرفت ہوئی تو ایرانی قیادت سے ملاقات کیلئے تیار ہوں۔
امریکی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی مذاکراتی ٹیم جس میں نائب صدر جے ڈی وینس امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف شامل ہیں اسلام آباد کے لیے روانہ ہو چکی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا بنیادی نکتہ واضح ہے اور یہ ’ناقابلِ سمجھوتہ‘ شرط ہے، ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے سے مکمل طور پر دستبردار ہونا ہوگا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، پاک فوج، رینجرز، اسلام آباد اور پنجاب پولیس تعینات کردی گئی، اسلام آباد میں ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے، شہریوں کو متبادل ٹریفک پلان پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی۔
دارالحکومت میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی بند کردیا گیا، راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند ہے، راولپنڈی میں فیض آباد، پیرودھائی اور 26 نمبر چُنگی بھی بند کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے سرکاری دفاتر کے ملازمین کا آج ورک فرام ہوم ہے، سرکاری اور نجی یونیورسٹیز میں کلاسیں آن لائن کردی گئیں۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 7 اپریل کو اعلان کیا گیا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی طے پا گئی ہے، جو امریکی وقت کے مطابق منگل کی شام ختم ہونے جا رہی ہے۔ یہ وقت ایران میں بدھ کی صبح کے برابر بنتا ہے۔