وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 50 ایکڑ پر مشتمل پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان کر دیا۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب فلم سٹی لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کیا جا رہا ہے، یہ فلم سٹی منصوبہ ملک کا پہلا مکمل ’اینڈ ٹو اینڈ‘میڈیا پروڈکشن منصوبہ ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ فلمی صنعت کی جدید ٹیکنالوجی، سہولتوں اور وسائل کے ذریعے بحالی یقینی بنائی جائے گی، فلم، ٹی وی، اینی میشن اور ڈیجیٹل میڈیا کے لیے جدید سہولتیں ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی، وی ایف ایکس اور پوسٹ پروڈکشن کے لیے بیرون ملک انحصار کو کم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید بتایا کہ جدید اسٹوڈیوز، ساؤنڈ اسٹیج اور پوسٹ پروڈکشن لیبز بھی فلم سٹی منصوبے میں شامل ہیں، شوٹنگ کے لیےتمام سہولتیں، سیٹس اور مرکزی جھیل بھی بنائی جائے گی۔
اُنہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی ایونٹس اور ایوارڈ شوز کے لیے کنونشن ہال بھی قائم کیے جائیں گے، میڈیا ٹریڈ ہب اور فلم و میوزک اسکول بھی منصوبے کا حصّہ ہوں گے، فلم سٹی منصوبے سے روزگار کے ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ مواقع پیدا ہوں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ جدید فلم سٹی سے اینی میشن، گیمنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے فروغ پائیں گے، فلم سٹی منصوبہ تخلیقی معیشت کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ فلم سٹی ٹیلنٹ، ٹیکنالوجی اور کاروبار کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔