• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹی کی پرورش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کاجول

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ کاجول نے اعتراف کیا کہ انہیں اپنی جنریشن زی بیٹی نیسا دیوگن کی پرورش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ تقریباً تین سال ایسے تھے کہ ہمارے درمیان جھگڑے ہوتے رہے اور غیر معقولیت پر مبنی چیزیں بھی ہوئیں۔ 

واضح رہے کہ 52 سالہ کاجول اور اجے دیوگن کی 1999 میں شادی ہوئی۔ کینیڈین یوٹیوبر للی سنگھ سے گفتگو کرتے ہوئے کاجول نے اپنے بچوں 16 سالہ بیٹے یوگ اور 23 سالہ بیٹی نیسا کی پرورش کے متعلق بتایا۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات والدین اور بچوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر جاتے ہیں۔

گفتگو کے دوران کاجول نے جب جین زی پیرنٹنگ ہیکس پر بات کی تو انہوں نے اپنی بیٹی نیسا کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں بھی کھل کر بات کی۔ 

انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ ایک ایسا رشتہ تھا جس پر انہیں کافی محنت کرنا پڑی۔ میں نیسا سے بہت سی باتیں کرتی ہوں اور اسے چیزیں سمجھاتی ہوں۔ یہ ایک ایسا رشتہ ہے جسے ہمیں بنانا پڑا۔ جب ہارمونز کے اثرات ظاہر ہوئے تو وہ 12 سال کی تھی اور ہم سب الجھے ہوئے تھے۔ میں اس سے کہتی تم سے بات نہیں کروں گی، نہ تمہاری بات سنوں گی۔ لیکن حقیقتاً ایسا ہوتا نہیں تھا۔

کاجول نے کہا کہ بڑی ہونے کے ناطے میں خود کو سنبھالتی اور کہتی کہ مجھے تھوڑا زیادہ معقول ہونا چاہیے۔ پھر میں نے فیصلہ کیا کہ میں اس سے اتنی لڑائی نہ کروں بلکہ بات کرنے کی کوشش کروں گی اور جتنا ممکن ہو اس سے بات کرتی رہوں گی جب تک کہ وہ میری بات سننا شروع نہ کرے۔ پھر مجھے احساس ہوا کہ اصل بات یہ تھی کہ میں بس بیٹھ کر اس کی بات سنوں۔ یہ زیادہ بولنے کے بارے میں نہیں تھا، بلکہ اسے اپنی بات کہنے کی جگہ دینا اور اسے سنا جانا زیادہ اہم تھا۔ یہی سب سے بڑا فرق بنا۔ یہی میری سب سے بڑی سیکھ تھی لہٰذا اب دونوں میں کافی اچھی انڈراسٹینڈنگ ہے۔ 

اس ہفتے اپنی سالگرہ کے موقع پر کاجول نے خوبصورت تصاویر شیئر کیں اور لکھا: میں بہت خوش نصیب ہوں، وہ پیدا ہوئی اور دنیا بدل گئی، میں ہر روز خدا کا شکر ادا کرتی ہوں تمہارے لیے، میری پیاری، تم مکمل ہو اور ہمیشہ میری ہی رہو گی۔ تمہیں اور مجھے سالگرہ بہت بہت مبارک ہو۔

جہاں تک کام کا تعلق ہے تو کاجول آخری بار 2025 کی تھیٹر میں ریلیز ہونے والی فلم ماں اور پرائم ویڈیو کی فلم سرزمین میں نظر آئیں۔ اسکے علاوہ انہوں نے ٹوئنکل کھنہ کے ساتھ پرائم ویڈیو کے ٹاک شو ٹو مچ ود کاجول اینڈ ٹوئنکل کی میزبانی بھی کی۔ اور جیو ہاٹ اسٹار کی سیریز دی ٹرائل کے سیزن 2 میں بھی نظر آئیں۔ 

کاجول جلد ہی چرن تیج اپلاپتی کی فلم مہاراگنی: کوئین آف کوئینز میں پربھو دیوا، نصیرالدین شاہ اور دیگر کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید