• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واشنگٹن: ٹرمپ اور جیفری ایپسٹین سے متعلق ویڈیوز عمارت پر پروجیکٹ

---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

واشنگٹن ڈی سی میں ایک غیر معمولی احتجاج کے دوران مظاہرین نے امریکی صدر ٹرمپ اور بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق تصاویر اور دستاویزات ایک عمارت پر پروجیکٹ کر دیں۔

 یہ مناظر واشنگٹن ہلٹن کی عمارت پر دکھائے گئے جنہیں دیکھنے کے لیے سڑک کے دوسری جانب لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔

پروجیکشن میں ایپسٹین سے منسلک تصاویر اور دستاویزات شامل تھیں جبکہ ساتھ آڈیو بھی چلائی گئی جس میں مبینہ طور پر اس کی ای میلز کے اقتباسات سنائے گئے۔

 یہ احتجاج 24 اپریل کو اس وقت کیا گیا جب شہر میں ایک اہم تقریب کی تیاریاں جاری تھیں۔

یہ مظاہرہ سالانہ وائٹ ہاؤس کوریسپونڈینٹ ڈنر سے ایک دن قبل سامنے آیا، جو صحافیوں، سیاستدانوں اور اہم شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے، اس سال اس تقریب کو خاص اہمیت حاصل ہے کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ بطور صدر اس میں شرکت کررہے تھے۔

یاد رہے کہ ٹرمپ کے میڈیا کے ساتھ تعلقات ہمیشہ سے کشیدہ رہے ہیں اور وہ اکثر میڈیا کو فیک نیوز قرار دیتے رہے ہیں۔

 انہوں نے حال ہی میں اپنے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں کہا کہ میڈیا نے میرے ساتھ غیر معمولی طور پر برا سلوک کیا۔

یہ تقریب وائٹ ہاؤس کوریسپونڈینٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد کی جاتی ہے اور روایتی طور پر اس میں موجودہ صدر کی شرکت کو آزادی صحافت کی علامت سمجھا جاتا ہے، تاہم ٹرمپ نے اپنے گزشتہ دورِ صدارت میں اس تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔

اس بار تنظیم کی جانب سے دعوت دینے پر صحافتی حلقوں میں بھی ردعمل دیکھنے میں آیا ہے، جہاں سیکڑوں صحافیوں نے ایک کھلا خط جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تقریب میں صدر سے میڈیا پر عائد پابندیوں کے حوالے سے سوالات کیے جائیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید