• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشیاتِ صحت(Health Economics) عصرِ حاضر کا ایک نہایت اہم، ہمہ جہت اور اسٹریٹیجک علمی شعبہ ہے، جو انسانی صحت اور محدود معاشی وسائل کے درمیان متوازن تعلق قائم کرنے کی سائنسی کوشش کا نام ہے۔ جدید دنیا میں صحت کے مسائل صرف طبّی نوعیت کے نہیں ہیں، بلکہ ان کے معاشی، سماجی اور سیاسی اثرات بھی نہایت گہرے ہو چُکے ہیں۔

بڑھتی آبادی، غیر متعدّی امراض (Non-Communicable Diseases / NCDs) میں تیزی سے اضافہ، علاج معالجے کی بڑھتی لاگت، منہگی طبّی ٹیکنالوجی اور عالمی وباؤں، جیسے کووِڈ-19کے خطرات نے حکومتوں کو مجبور کیا ہے کہ وہ صحت کو محض فلاحی شعبہ نہ سمجھیں، بلکہ اسے معاشی استحکام اور قومی ترقّی کا بنیادی ستون تسلیم کریں۔

عالمی سطح پر کئی ادارے( جیسے عالمی ادارۂ صحت، ورلڈ بینک اور اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے) صحت کی پالیسیز، فنڈنگ ماڈلز اور ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل میں ہیلتھ اکنامکس کے اصولوں کو بنیاد بناتے ہیں۔

صحت کی معاشیات یہ سوال اُٹھاتی ہے کہ محدود بجٹ کے اندر زیادہ سے زیادہ صحت کے نتائج کیسے حاصل کیے جائیں، کن بیماریوں کو ترجیح دی جائے، کون سی ٹیکنالوجیز اپنائی جائیں اور کس طرح نظامِ صحت پائے دار اور منصفانہ بنایا جائے۔

ہیلتھ پالیسی اینڈ سسٹمز اکنامکس

ہیلتھ پالیسی اور سسٹمز اکنامکس، نظامِ صحت کی مجموعی ساخت (Healthcare System Structure)، اس کی حُکم رانی (Governance)، فنڈنگ کے ذرائع، خدمات کی فراہمی اور احتسابی نظام کا تفصیلی تجزیہ کرتی ہے۔ اس شاخ کا بنیادی مقصد ایسا صحتیاتی ڈھانچا تشکیل دینا ہے، جو مؤثر، شفّاف، جواب دہ اور عوام دوست ہو۔ اس میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ حکومت صحت کا بجٹ کس طرح تقسیم کرے، پرائمری ہیلتھ کیئرسسٹم کو کیسے مضبوط بنایا جائے اور اسپتالوں کی کارکردگی کِن اشاریوں(Performance Indicators) کے ذریعے ناپی جائے۔

یہ شاخ، صحت کی عالم گیر کوریج(Universal Health Coverage /UHC) کے تصوّر کو عملی جامہ پہنانے میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے تحت یہ طے کیا جاتا ہے کہ ہر شہری کو مالی مشکلات کے بغیر معیاری علاج کیسے فراہم کیا جا سکتا ہے۔ اِس عمل میں وسائل کی منصفانہ تقسیم، دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان فرق کا خاتمہ اور بنیادی سہولتوں کی دست یابی یقینی بنانا شامل ہیں۔

ہیلتھ فنانسنگ اور انشورنس اکنامکس

ہیلتھ فنانسنگ اکنامکس، صحت کے شعبے میں مالی وسائل کے حصول، ان کی تقسیم اور مؤثر استعمال کا مطالعہ کرتی ہے۔ اس شاخ کا بنیادی تصوّر رِسک پولنگ ہے، جس کے ذریعے بیماری کے مالی بوجھ کو اجتماعی طور پر تقسیم کیا جاتا ہے تاکہ کسی ایک فرد یا خاندان کو مالی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے تحت سماجی صحت کی انشورنس، نجی انشورنس اور ٹیکس پر مبنی فنڈنگ ماڈلز کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔

یہ شاخ اِس بات کا بھی جائزہ لیتی ہے کہ اسپتالوں اور ڈاکٹرز کو ادائی کس طریقے سے کی جائے، جیسے سروسز کے لیے فیس کی ادائی، فی کس محصول (Capitation) یا ڈائیگنوسس ریلیٹڈ گروپس شامل ہیں۔ ہر ماڈل کے اپنے فوائد اور نقصانات ہوتے ہیں اور ان کا انتخاب کسی بھی مُلک کے معاشی اور سماجی ڈھانچے کے مطابق کیا جاتا ہے۔ ترقّی پذیر ممالک میں، جہاں بڑی آبادی غربت کی لکیر کے قریب رہتی ہے، مؤثر ہیلتھ فنانسنگ ماڈل غربت کے خاتمے میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔

فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ ٹیکنالوجی اکنامکس

یہ شاخ ادویہ، ویکسینز اور طبّی آلات کی لاگت اور طبّی افادیت کا سائنسی تجزیہ کرتی ہے۔ / HEOR Health Economics and Outcomes Research کے تحت نئی دوا یا علاج کے اثرات کو مقداری انداز میں جانچا جاتا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ اس پر خرچ کی جانے والی رقم، اس کے طبّی فوائد کے مقابلے میں کس حد تک مناسب ہے۔

ہیلتھ ٹیکنالوجی اسسمنٹ کے ذریعے قومی سطح پر فیصلہ کیا جاتا ہے کہ کون سی دوا یا ٹیکنالوجی سرکاری پروگرام کا حصّہ بنے گی۔ اس عمل میں Cost-Effectiveness Analysis / CEA) (اور (Quality Adjusted Life Years / QALYs) جیسے پیمانے استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس شاخ کے ذریعے غیر ضروری اخراجات کم کیے جاتے ہیں اور صرف مؤثر علاج کو فروغ دیا جاتا ہے۔

مارکیٹ ایکسیس اور پرائسنگ اکنامکس

مارکیٹ ایکسیس (Market Access) صحت کی معاشیات کا وہ عملی اور اسٹریٹیجک پہلو ہے، جو تحقیق اور اختراع کو مریض تک پہنچانے کے عمل کو ممکن بناتا ہے۔ جب کوئی نئی دوا یا طبّی ٹیکنالوجی تیار ہوتی ہے، تو اس کی کام یابی کا انحصار صرف اُس کی افادیت پر نہیں، بلکہ اِس امر پر بھی ہوتا ہے کہ وہ مارکیٹ میں کس قیمت پر دست یاب ہے اور آیا اُسے انشورنس یا سرکاری اسکیمز میں شامل کیا گیا ہے یا نہیں۔

مارکیٹ ایکسیس کے ماہرین قیمتوں کے تعیّن، حکومتی سبسڈی اور ری ایمبرسمنٹ پالیسیز پر کام کرتے ہیں۔ وہ کمپنیز اور حکومتوں کے درمیان مذاکرات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں تاکہ ایسی قیمت مقرّر ہو، جو کمپنی کے لیے پائے دار بھی ہو اور مریض کے لیے قابلِ برداشت بھی۔ کم آمدنی والے ممالک میں منہگی ادویہ کی دست یابی کے لیے خصوصی رعایتی معاہدے اور عالمی فنڈنگ ماڈلز بھی اِسی شاخ کا حصّہ ہیں۔

گلوبل ہیلتھ اکنامکس

یہ صحت کے شعبے کا وہ حصّہ ہے، جو بین الاقوامی سطح پر نظامِ صحت کے تفاوت، بیماریوں کے عالمی بوجھ، فنڈنگ ماڈلز اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کا تجزیہ کرتا ہے۔ یہ شاخ اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہے کہ صحت کے مسائل سرحدوں کے پابند نہیں ہوتے اور عالمی تعاون کے بغیر بڑے پیمانے پر بیماریوں کا خاتمہ ممکن نہیں۔

مثال کے طور پر کووِڈ-19وبا نے عالمی سطح پر صحتیاتی عدم مساوات بے نقاب کی۔ ترقّی یافتہ ممالک نے ویکسین کی دست یابی کو ترجیح دی، جب کہ کم آمدنی والے ممالک محدود مقدار میں بھی ویکسین کے محتاج تھے۔ عالمی ہیلتھ اکنامکس کے اصولوں کے مطابق، ویکسین کی عالمی تقسیم کے ماڈلز تیار کیے گئے، جیسے COVAX, an initiative for covid-19 vaccine database، تاکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔

اِسی طرح ملیریا، ٹی بی اور ایچ آئی وی / ایڈز کے عالمی منصوبے بھی عالمی ہیلتھ اکنامکس کے تجزیے پر مبنی ہوتے ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت، عالمی بینک اور اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے، اربوں ڈالرز کی فنڈنگ فراہم کرتے ہیں اور ماہرین ہر منصوبے کی اقتصادی فزیبلٹی اور اثرات کا مطالعہ کرتے ہیں تاکہ محدود وسائل زیادہ سے زیادہ زندگیاں بچانے میں استعمال ہوں۔ گلوبل ہیلتھ اکنامکس وبائی امراض، غذائی قلّت، ماں اور بچّے کی صحت اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے مسائل پر بھی توجّہ دیتی ہے۔

جیسا کہ ملیریا کے خاتمے کے لیے کی جانے والی عالمی کوششوں میں ان معاشی ماڈلز کو استعمال کیا جاتا ہے، جو ویکسین کی قیمت، علاج کی لاگت اور بیماری کی روک تھام کے اثرات ظاہر کرتے ہیں۔ کم آمدنی والے ممالک میں بنیادی صحت کی سہولتوں میں سرمایہ کاری کے معاشی فوائد طویل مدّت میں قومی پیداوار اور انسانی سرمایہ(Human Capital) کی مضبوطی سے منسلک ہوتے ہیں۔

یہ شاخ عالمی صحت کے نظم و نسق میں ایک انقلابی کردار ادا کرتی ہے، کیوں کہ یہ فیصلہ کرنے میں مدد دیتی ہے کہ کن ممالک اور کن علاقوں میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ انسانی جانیں محفوظ رہ سکیں۔

ایجنگ اینڈ لانگ ٹرم کیئر اکنامکس

ترقّی یافتہ ممالک میں آبادی کی عُمر میں اضافہ ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ ایجنگ اکنامکس بزرگ شہریوں کی طویل مدّتی دیکھ بھال، پینشن سسٹم اور سماجی تحفّظ کے اخراجات کا تجزیہ کرتی ہے۔ چوں کہ بزرگ افراد کو مسلسل طبّی سہولتوں اور ادویہ کی ضرورت ہوتی ہے، اِس لیے اُن کی دیکھ بھال کا معاشی بوجھ نمایاں ہوتا ہے۔ ہیلتھ اکنامکس کی یہ شاخ آبادیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر مستقبل کی منصوبہ بندی میں مدد دیتی ہے تاکہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو ہر عُمر کے افراد کے لیے مؤثر بنایا جا سکے۔

بی ہیویئرل اور مینٹل ہیلتھ اکنامکس (Behavioral & Economics Mental Health)

بی ہیویئرل اکنامکس انسانی فیصلوں کے نفسیاتی پہلو مدّ ِنظر رکھتے ہوئے صحت کی پالیسیز کا جائزہ لیتی ہے۔ یہ شاخ اِس امر کا بھی مطالعہ کرتی ہے کہ لوگ افراد صحت سے متعلق فیصلے کیوں کرتے ہیں اور معاشی ترغیبات(Economic Incentives) سے اُن کے رویّے کس حد تک متاثر ہوتے ہیں۔

مثال کے طور پر، اِس امر کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ آیا تمباکو پر ٹیکس یا شوگر ڈرنکس پر اضافی لیوی عوام کے طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ اِسی طرح ذہنی صحت کی معاشیات ڈیپریشن، اینگزائٹی اور دیگر ذہنی امراض کے معاشی اثرات کا تجزیہ کرتی ہے۔

ہیلتھ ایکانومیٹرکس (Health Econometrics)

ہیلتھ ایکانومیٹرکس، معاشیاتِ صحت کی مقداری بنیاد(Quantitative Basis) فراہم کرتی ہے۔ یہ شاخ شماریاتی ماڈلز (Statistical Models) اور ریاضیاتی تجزیے کے ذریعے صحت سے متعلق پالیسیز کے اثرات کا جائزہ لیتی ہے۔ اس کے ذریعے یہ طے کیا جاتا ہے کہ کسی خاص پروگرام یا اصلاحات سے واقعی صحت کے نتائج میں بہتری آئی یا نہیں۔ جدید دور میں بگ ڈیٹا(Big Data) اور مصنوعی ذہانت کے استعمال نے اِس شعبے کو مزید مضبوط بنایا ہے۔

ڈیجیٹل ہیلتھ اور ڈیٹا اکنامکس

ڈیجیٹل ہیلتھ اکنامکس، صحت کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کے معاشی اثرات کا تجزیہ کرتی ہے، جب کہ ٹیلی میڈیسن، موبائل ہیلتھ ایپس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی تشخیصی نظام، صحت کی خدمات کو زیادہ مؤثر اور کم لاگت بنا سکتے ہیں۔ یہ شاخ ڈیٹا کی حفاظت، پرائیویسی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے اخراجات کا بھی جائزہ لیتی ہے۔ چوں کہ ڈیجیٹل نظام وسیع پیمانے پر ڈیٹا جنریٹ کرتے ہیں، اِس لیے اُن کے تجزیے کے لیے ہیلتھ ایکانومیٹرکس سے قریبی تعلق قائم ہوتا ہے۔

معاشیاتِ صحت کی یہ تمام شاخیں باہم مربوط اور ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والی ہیں۔ پالیسی سازی، فنڈنگ، ادویہ کی جانچ، مارکیٹ تک رسائی، عالمی تعاون، عُمر رسیدہ آبادی کی دیکھ بھال، رویّوں میں تبدیلی، ڈیٹا کا تجزیہ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، یہ سب مل کر ایک جامع صحتیاتی نظام کی تشکیل کرتے ہیں۔

صحت کی معاشیات محض نظریاتی علم نہیں، بلکہ عملی اصلاحات، شواہد پر مبنی فیصلوں اور عالمی سطح پر انسانی بہبود کے فروغ کا ذریعہ ہے۔ اگر اِس علم کو مؤثر طورپر بروئے کار لایا جائے، تو نہ صرف بیماریوں کا بوجھ کم کیا جا سکتا ہے، بلکہ ایک زیادہ منصفانہ، پائے دار اور صحت مند دنیا کی بنیاد بھی رکھی جا سکتی ہے۔

(مضمون نگار، پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ اور چیف میڈیکل آفیسر، سروسز اسپتال کراچی، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سندھ ہیں)

سنڈے میگزین سے مزید