بھارتی ریاست اُڑیسہ میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک غریب قبائلی شخص کو اپنی فوت ہونے والی بہن کے بینک اکاؤنٹ سے رقم نکلوانے کے لیے اس کی قبر کھودنا پڑ گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 50 سالہ جیتو منڈا کی بہن کلرا منڈا 2 ماہ قبل انتقال کر گئی تھی، جیتو اس کے اکاؤنٹ سے 20 ہزار روپے نکلوانا چاہتا تھا، بینک حکام نے رقم دینے کے لیے ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر قانونی دستاویزات طلب کیں۔
جیتو منڈا کے مطابق وہ بارہا بینک کے عملے کو بتاتا رہا کہ اس کی بہن وفات پا چکی ہے مگر عملہ مسلسل اکاؤنٹ ہولڈر کو پیش کرنے کا مطالبہ کرتا رہا، کاغذات نہ ہونے اور مجبوری کے باعث اس نے بہن کی قبر کھود کر ڈھانچہ نکالا اور اسے کندھے پر اُٹھا کر تقریباً 3 کلومیٹر دور بینک پہنچ گیا تاکہ ثبوت فراہم کر سکے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس کے بعد پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے جیتو منڈا کو رقم نکلوانے میں مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی جبکہ ڈھانچے کو دوبارہ دفن کر دیا گیا ہے۔