پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے کوالیفائیر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ جب شائقین آتے ہیں تو بہت خوشی ہوتی ہے، میچ میں مزہ آئے گا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچ کافی خشک لگ رہی ہے، اچھا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت اچھا لگا کہ تمشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی، کوشش ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں تاکہ تماشائیوں کو لطف اندوز ہونے کا موقع ملے۔
اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل کےلیے کوالیفائی کرجائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم فائنل کیلئے ایلیمنیٹر 2 میں ایلیمنیٹر 1 کی فاتح ٹیم کے مدمقابل ہوگی۔
خیال رہے کہ 17 پوائنٹس کے ساتھ پشاور زلمی کی ٹیم نے گروپ میں پہلی پوزیشن جبکہ 13 پوائنٹس کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کی دوسری پوزیشن رہی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کپتان شاداب خان، ڈیون کونوے، سمیر منہاس، محسن ریاض، مارک چیپمین، حیدر علی، فہیم اشرف، کرس گرین، عماد وسیم، محمد حسنین اور رچرڈ گلیسن پر مشتمل ہے۔
پشاور زلمی میں کپتان بابر اعظم، محمد حارث، کوشل مینڈس، فرحان یوسف، مائیکل بریسویل، ایرون ہارڈی، افتخار احمد، عبدالصمد، خرم شہزاد، صفیان مقیم اور باسط علی شامل ہیں۔