امریکی جریدے ’دی ایٹلانٹک‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ پینٹاگون ممکنہ طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران جنگ کی مکمل اور درست تصویر فراہم نہیں کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے بند کمرہ اجلاسوں کے دوران بارہا یہ سوال اٹھایا ہے کہ آیا دفاعی ادارے کی جانب سے دی جانے والی بریفنگز مکمل اور حقیقت پر مبنی ہیں یا نہیں؟
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2 اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے مطابق نائب صدر نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ پینٹاگون جنگ کے حوالے سے جو معلومات فراہم کر رہا ہے، ان کی شفافیت اور درستگی کس حد تک قابلِ اعتماد ہے؟
رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس نے خاص طور پر امریکی میزائل ذخائر میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے یہ بھی لکھا ہےکہ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کی بریفنگز کا انداز امریکی صدر کی ترجیحات کے مطابق ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیٹ ہیگستھ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو کس انداز میں معلومات دی جانی چاہئیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا ہے کہ ایک سابق آفیسر نے خبردار کیا کہ اگر امریکی صدر کو مکمل حقائق نہ بتائے جائیں تو یہ صورتِ حال خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔