• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمائما گولڈ اسمتھ نے شادی کر لی، دوسرے شوہر کون ہیں؟

— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے آئرش آسٹریلوی کروڑ پتی مالیاتی ماہر کیمرون او ریلی سے شادی کرلی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 52 سالہ ایوارڈ یافتہ فلم ساز اور 62 سالہ کاروباری شخصیت کی ملاقات فلموں اور دستاویزی فلموں پر کام کے دوران ہوئی۔

جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے جوڑے کی شادی کی تصدیق کی ہے، جبکہ ان کی اہلیہ جمائما جونز نے انسٹاگرام پر اس موقع کی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے۔

جمائما جونز نے تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ میں اپنے پسندیدہ ساتھی کے ساتھ جمائما اور کیمرون کی شادی کی خوشی منا رہی ہوں، آج کا دن کتنا خوش گوار ہے۔

تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جمائما جونز اور بین گولڈ اسمتھ ایک شاندار پتھریلی عمارت کے احاطے میں موجود ہیں، ان کی ایک جانب کنول کا تالاب ہے۔

انہوں نے نوبیاہتا جوڑے کی تصویر شیئر نہیں کی، تاہم کیپشن سے واضح ہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ کا خاندان ان کی شادی کا جشن منا رہا ہے، جبکہ صارفین اس نوبیاہتا جوڑے کو مبارک باد دے رہے ہیں۔

کیمرون او ریلی کون ہیں؟

کیمرون او ریلی آنجہانی سر اینتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں، جو میڈیا کی معروف کاروباری شخصیت اور آئر لینڈ کی قومی رگبی ٹیم کے سابق کھلاڑی تھے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل کیمرون نے اپنے کیریئر کا ایک حصہ والد کے کاروبار میں کام کرتے ہوئے گزارا، جن میں انڈیپنڈنٹ نیوز اینڈ میڈیا اور آسٹریلوی اشاعتی ادارہ اے پی این نیوز اینڈ میڈیا شامل ہیں، بعد ازاں انہوں نے نجی سرمایہ کاری کے شعبے کا رخ کیا اور 2000ء میں اے پی این نیوز اینڈ میڈیا کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔

2003ء میں انہوں نے نجی سرمایہ کاری کے فنڈ بیارڈ کیپیٹل کا آغاز کیا اور سوئٹزر لینڈ کی میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گائر حاصل کر لی، جس کے بعد وہ اس کے چیف ایگزیکٹیو بھی رہے، بعد ازاں 2011ء میں توشیبا نے یہ کمپنی 2.3 ارب ڈالرز میں خرید لی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیمرون اور جمائما کی ملاقات پیشہ ورانہ کام کے سلسلے میں ہوئی، جب وہ متعدد دستاویزی فلموں اور فلموں میں ایگزیکٹیو پروڈیوسر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔

ان دونوں کی منگنی کی خبریں پہلی مرتبہ رواں سال مئی میں سامنے آئی تھیں۔

واضح رہے کہ کیمرون کے 4 بچے ہیں، جبکہ جمائما کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم، ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید