کراچی میں کریم آباد انڈر پاس شہریوں کے لیے کھول دیا گیا ہے، دو سال تاخیر اور 195 فیصد لاگت اضافے کے بعد منصوبہ مکمل کیا گیا۔
ڈی جی کے ڈی اے کے مطابق انڈر پاس کو حتمی شکل دے کر ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے، تاہم سروس لینز کا کام ابھی باقی ہے۔
کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے مطابق منصوبے کے اہم حصے مکمل کرنے کے بعد انڈر پاس کو عوام کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی کے ڈی اے آصف صدیقی کے مطابق انڈر پاس میں پلرز، لائٹس اور دیگر بنیادی تنصیبات کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور منصوبے کو حتمی شکل دی گئی ہے، انتظامی سطح پر تیاریاں مکمل ہونے کے بعد اسے ٹریفک کے لیے کھولا گیا۔
حکام کے مطابق یہ سافٹ لانچ ہے اور مزید کام ابھی باقی ہے۔
موسیٰ کالونی میں انڈر پاس کے دائیں اور بائیں سروس لینز کی تعمیر تاحال مکمل نہیں ہو سکی، جس پر حکام کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
اس منصوبے کی لاگت میں بھی نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں ابتدائی تخمینہ ایک ارب 35 کروڑ روپے سے بڑھ کر 3 ارب 83 کروڑ روپے تک جا پہنچا، یعنی تقریباً 195 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مزید یہ کہ ایک سال میں مکمل ہونے والا منصوبہ دو سال سے زائد تاخیر کا شکار رہا۔