وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کو کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، مریم نواز کے بیان پر صوبائیت کا تڑکا لگانا قابل افسوس ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کچے کے اندر کئی بار آپریشن کیے گئے تھے لیکن مثبت نتیجہ نہیں ملا، آپ اپنا صوبہ پولیس کے حوالے کر کے سیر کیلئے نکل جاتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز صوبائیت پر یقین نہیں رکھتیں، مریم نواز کو اس وقت بھی تکلیف ہوتی ہے جب کے پی کے میں دہشت گردی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کہا پڑوسی ملک سے خطرہ نہیں جو دہشتگرد صوبوں سے داخل ہوتے ہیں ان سے خطرہ ہے، مجھے نہیں معلوم اس بیان میں اعتراض کس بات کا ہے؟ وزیر اعلیٰ کے بیان پر بھارت کارڈ کھیلا گیا یہ کارڈ وہ لوگ کھیل چکے جن کی باجیاں مودی کی ہمدرد ہیں، ایک باجی نے کہا مودی دھول چٹا دیتا دوسری باجی نے کہا آپریشن معرکہ حق فالس فلیگ تھا، مریم نواز کو ان جیسے لوگوں سے حب الوطنی کا کارڈ چاہیے؟ اس جماعت نے فتنہ،فساد اور لڑائی جھگڑے کے سوا کچھ نہیں کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پڑوسی ملک سے پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں، ابھی حال ہی میں پاک فوج یہ ثابت کر چکی ہے ، پاکستان کو دنیا کے کسی ملک سے کوئی خطرہ نہیں، ہم کسی ملک کو خاطر میں نہیں لاتے ، بھارت ہم سے براہ راست لڑائی نہیں کر سکتا، اس لیے وہ پراکسیز کے ذریعے سازش کر رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج دہشتگردی کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کہہ رہی تھیں وہ دہشتگرد وہاں رکتے نہیں پنجاب کی طرف آتے ہیں، پنجاب میں کئی چیک پوسٹس پر دہشتگردی کے واقعات ہوئے، پولیس جوان شہید ہوئے، کچے کے حالات سب کے سامنے تھے، سندھ میں آپریشن شروع ہوتا تھا تو ڈاکو پنجاب کی طرف آجاتے تھے، اگر پنجاب میں اپریشن شروع ہوتا تھا ڈاکو سندھ نکل جاتے تھے، مریم نواز نے ٹارگٹڈ آپریشن سے کچے کے علاقے میں امن قائم کیا، اب کچے کے علاقے میں کئی ماہ میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سہیل آفریدی کس منہ سے مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، سہیل آفریدی سے متعلق خبریں ہیں جو جیل میں دہشتگردوں کے حوالے سے ہیں، کے پی میں بھی دہشتگردوں کے سلیپر سیل ختم ہونے چاہیے جیسے پنجاب میں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز باقی صوبوں کے بچوں کو بھی لیب ٹاپ اور اسکالرشپ دیتی ہیں، مریم نواز بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے 10 ارب دے کر آئی ہیں ، جس کے صوبے میں آگ لگی ہے اسکو جگانے کیلیے مریم نواز نے یہ بات کی ہے، مریم نواز دہشت گردوں کے خلاف جو کام کر رہی ہیں سب کو نظر آرہا ہے۔