برطانوی میری ٹائم ٹریڈ ایجنسی (یو کے ایم ٹی اے) نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں سیکیورٹی خطرے کی سطح تاحال نازک ہے، جس کے پیشِ نظر بحری جہازوں کو انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایجنسی کے مطابق امریکا نے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ آمد و رفت یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی سیکیورٹی ایریا قائم کیا ہے تاکہ بڑھتے ہوئے خطرات کے دوران شپنگ سرگرمیاں محفوظ رہ سکیں۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے جہازوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرتے وقت عمان کی سمندری حدود کے راستے کو ترجیح دیں، جو نسبتاً محفوظ سمجھا جا رہا ہے۔
مزید برآں ایجنسی نے زور دیا ہے کہ بڑھتے ہوئے بحری ٹریفک کے باعث تمام جہاز عمانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بر وقت نمٹا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے، جہاں سیکیورٹی کی معمولی خرابی بھی تیل کی ترسیل اور عالمی معیشت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔