محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، آج دن کا پارہ 44.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل بھی موسم گرم اور مرطوب رہنےکا امکان ہے۔ پارہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے اور سمندری ہوائیں بحال رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نمی کے زائد تناسب سے درجہ حرارت کی شدت زیادہ محسوس کی جائےگی۔
شدید گرمی کے باعث کراچی کے اسپتالوں میں دمے سمیت سانس کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے کیسز میں 20 فیصد اضافہ ہوگیا۔
ماہرین کی شہریوں کو ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لئے پانی زیادہ پینے اور براہِ راست دھوپ سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آج دن میں سب سے زيادہ درجہ حرارت دادو اور نواب شاہ میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد لاہور اور کوئٹہ میں موسم معتدل رہا اور گرمی میں کمی محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات کی آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پنجاب، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں بارش جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔