امریکا کے شہر نیویارک میں ہونے والے میٹ گالا میں دنیا بھر سے مختلف مشہور شخصیات نے شرکت کی اور تمام شرکاء نے اپنے لباس کے ذریعے آرٹ کی نمائش کی۔
میٹ گالا 2026ء میں شرکت کرنے والوں میں ایشیاء کے سب سے امیر ترین خاندان کی صاحبزادی اور مشہور کاروباری شخصیت ایشا امبانی بھی شامل تھیں۔
بھارتی کاروباری شخصیت نے 200 سے زائد ہیروں اور قیمتی پتھروں سے سجی، خالص سونے کے دھاگوں سے بنائی گئی ساڑھی پہن کر تقریب میں شرکت کی اور ان کی خوبصورت ساڑھی نے سب کی توجہ سمیٹ لی۔
ایشا امبانی کی قیمتی اور خوبصورت ساڑھی کے علاوہ ان کے ہاتھوں میں پہنے سفید رنگ کے پھولوں کے گجرے اور پرس کی جگہ ہاتھ میں تھاما 20 سال پرانا اسٹیل سے بنا ہوا آم بھی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔
اُنہوں نے پرس کی جگہ ہاتھ میں اسٹیل سے بنا آم اس لیے تھاما کیونکہ یہ مشہور بھارتی فنکار سبودھ گپتا کی ایک شاندار تخلیق ہے جو روز مرہ استعمال کی اشیاء کو اپنے شاندار فن پاروں میں تبدیل کرتے ہیں۔
ایشا امبانی نے اپنی ساڑھی کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ میری ساڑھی کا بلاؤز میری والدہ کی جیولری کلیکشن سے بنایا گیا ہے اور ساڑھی کے ساتھ جو زیورات میں نے پہنے ہیں یہ بھی میری والدہ کے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ ساڑھی ڈیزائنر گورو گپتا نے ڈیزائن کی ہے جب کہ اسے محنتی کاریگروں نے1 ہزار 200 گھنٹوں میں تیار کیا ہے۔