انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع بنوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔
آئی جی کے پی نے تمام تھانوں اور چوکیوں کی دوبارہ سیکیورٹی آڈٹ کی ہدایت کی۔ آئی جی ذوالفقار حمید نے پولیس چوکی پر حملے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی۔
انہوں نے اس موقع پر علاقے میں وسیع پیمانے پر کارروائیوں اور سرچ آپریشن کی ہدایت بھی کی۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں، خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا، دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے چوکی کو نشانہ بنایا۔
آئی جی پی نے کہا کہ مستقبل میں ایسےحملوں کی روک تھام کیلئے نئی حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ فورس کو اسلحہ، ٹیکنالوجی یا نفری کی کسی کمی کا سامنا نہیں ہونے دیں گے، ہیومن انٹیلی جنس مزید مضبوط بنانے کیلئے اسپیشل برانچ کو مستحکم کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہیدوں کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔