• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں دھماکا ہوا ہے، جس میں 7 افراد شہید ہو گئے۔

اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے سے جاں بحق 7 افراد کی لاشیں نورنگ اسپتال لائی گئی ہیں۔

اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دھماکے میں شہید ہونے والوں میں 2 ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

اسپتال کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 18 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال لائے گئے زخمیوں میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔

اسپتال انتظامیہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ سرائے نورنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

وزیرِ اعظم کی دھماکے کی مذمت

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے 2 ٹریفک اہلکاروں سمیت 7 افراد کے شہید ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمہ کے لیے ادارے اور حکومت بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں، دہشت گردوں کو ملک کے امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے واقعے کی تحقیقات کا حکم، ذمے داران کا تعین اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔

گاڑی میں ایک من سے زائد بارودی مواد رکھا گیا تھا: ڈی پی او

دوسری جانب ڈی پی او نذیر خان نے بتایا ہے کہ دھماکے میں جس گاڑی کا استعمال کیا گیا، اس میں 1 من سے زائد بارودی مواد رکھا گیا تھا۔

ڈی پی او نذیر خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے، دھماکا خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول  اس سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ KPK نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ واقعے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکار اور 5 شہری شہید ہوئے، واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

دہشتگردی کے عفریت کا سر کچلنے کیلئے پوری قوم یکجان ہے: محسن نقوی

علاوہ ازیں وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں تھانہ نورنگ کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے 2 ٹریفک اہلکاروں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر  افسوس کا اظہار کیا ہے۔

محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کا سر کچلنے کے لیے پوری قوم یکجان ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہے۔

قومی خبریں سے مزید