کرپٹو ڈیجیٹل اثاثہ جات سے متعلق عالمی پلیٹ فارم ’کرپٹو سلیٹ‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کی ریگولیشنز پوری کرنے میں اسرائیل کے برابر آ گیا ہے۔
کرپٹو سلیٹ نے رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کا کرپٹو ریگولیٹری ادارہ ’پیوارا‘ عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے، اسرائیل نے اپنی کرنسی شیکل پر مبنی اسٹیبل کوائن کی منظوری دی، پاکستان نے ریگولیٹڈ کرپٹو کمپنیوں کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دی ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین پیوارا بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود ٹیکنالوجی میں آگے ہے، اسرائیل کے ساتھ ڈیجیٹل شعبے میں مدِمقابل ہونا بڑی پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان کرپٹو میں کئی ممالک سے بہت آگے ہے، اے آئی ایجنٹس کرپٹو کرنسی میں لاکھوں ڈالرز کی ادائیگیاں کر رہے ہیں۔
بلال بن ثاقب کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے بچوں اور نوجوان نسل کو اے آئی کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہو گا، وزیرِ اعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ڈیجیٹل انقلاب کے لیے کام کر رہے ہیں۔