• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انمول عرف پنکی کے 9 منشیات مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ کالعدم قرار

فوٹو: جنگ / جنید احمد
فوٹو: جنگ / جنید احمد 

کراچی کی سیشن عدالت جنوبی نے ملزمہ انمول عرف پنکی کے 9 مقدمات میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کی جانب سے دیا گیا جوڈیشل ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

سیشن عدالت جنوبی میں انمول عرف پنکی کے خلاف گزری اور درخشاں تھانوں میں درج منشیات مقدمات کی سماعت ہوئی، درخشاں تھانے کے 5 جبکہ گزری تھانے کے 4 مقدمات میں تفتیشی افسران نے نظرثانی کی درخواستیں دائر کی تھیں، جنہیں عدالت نے منظور کرلیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسپیشل ڈیوٹی مجسٹریٹ نے مختلف مقدمات میں متضاد احکامات جاری کرکے غیر قانونی اقدام کیا۔

عدالت کے مطابق مجسٹریٹ نے تھانہ بغدادی کے مقدمے میں پولیس ریمانڈ دیا جبکہ دیگر مقدمات میں ملزمہ کو جوڈیشل کسٹڈی میں بھیج دیا، جو ایک متضاد اور کنفیوژن پیدا کرنے والا حکم ہے۔

سیشن عدالت نے قرار دیا کہ ایک ہی وقت میں ملزمہ کو ایک مقدمے میں پولیس تحویل اور دیگر مقدمات میں جیل بھیجنے کا حکم قانونی طور پر درست نہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ ڈیوٹی مجسٹریٹ کا جوڈیشل ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم تصور کیا جائے اور ملزمہ کو 17 مئی تک پولیس ریمانڈ پر تصور کیا جائے۔

سیشن عدالت نے مزید ہدایت کی کہ ملزمہ کو مزید ریمانڈ کے لیے متعلقہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا جائے جبکہ متعلقہ مجسٹریٹ قانون کے مطابق درخواست پر فیصلہ کریں۔

قومی خبریں سے مزید