• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات کیس: پنکی کے جسمانی ریمانڈ کیلئے درخواست، جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کی اجازت

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

کراچی کی سیشن عدالت جنوبی میں منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آ گئی۔

گارڈن تھانے میں درج 2 مقدمات کے تفتیشی افسر نے ملزمہ کے جوڈیشل ریمانڈ کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انمول پنکی اور دیگر ملزمان سے مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق ڈیوٹی مجسٹریٹ جنوبی نے ملزمہ اور دیگر ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، تاہم کیس کی مکمل تحقیقات اور اہم شواہد حاصل کرنے کے لیے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ ناگزیر ہے۔

دوسری جانب درخشاں اور گزری تھانوں میں درج 9 مقدمات کے سلسلے میں بھی عدالت نے اہم حکم جاری کر دیا۔

 سیشن عدالت جنوبی نے ملزمہ انمول پنکی کو جوڈیشل کمپلیکس جیل میں پیش کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو متعلقہ عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کرنا ہے، حساس حالات کے پیش نظر پیشی کے دوران نقصِ امن کا خطرہ ہے، سٹی کورٹ میں ملزمہ کی پیشی سے پبلک سیفٹی متاثر ہو سکتی ہے۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ سٹی کورٹ میں روزانہ سیکڑوں مقدمات کی سماعت ہوتی ہے جبکہ بڑی تعداد میں سائلین، وکلاء اور عدالتی عملہ موجود ہوتا ہے، اس لیے پبلک سیفٹی کے پیشِ نظر احتیاطی اقدامات ضروری ہیں۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ اسی نوعیت کی درخواست میں پہلے بھی اجازت دی جا چکی ہے، لہٰذا متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ آج ہی جوڈیشل کمپلیکس جیل میں ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کریں۔

قومی خبریں سے مزید