• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر قومی اسمبلی نے مراعات اور گاڑیاں واپس نہ لینے کا کبھی نہیں کہا، ترجمان قومی اسمبلی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ثناء اللّٰہ مستی خیل اور دیگر اراکین اسمبلی کے دعووں پر  ترجمان قومی اسمبلی کا رد عمل سامنے آگیا۔

ترجمان قومی اسمبلی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے مراعات اور گاڑیاں واپس نہ لینے کا کبھی نہیں کہا، ان سے گاڑیاں اور مراعات واپس دینے کیلئے کبھی رابطہ نہیں کیا گیا۔

قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر گاڑیاں اور مراعات پی ٹی آئی ارکان واپس کرنا چاہیں تو ٹرانسپورٹ پول میں جمع کروا سکتے تھے، پی ٹی آئی ارکان بطور کمیٹی چیئرمین دفاتر اور مراعات استعمال کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کے باوجود کئی سرکاری گاڑیاں تا حال پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ کے زیر استعمال ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کئی ارکان بطور چیئرمین قائمہ کمیٹی گاڑی سمیت 320 لیٹر پیٹرول بھی لے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین کمیٹی یا آفس کو ایک ڈرائیور، نائب قاصد اور پی اے دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی/ سنی اتحاد کونسل کے پاس 8 قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ ہے۔ محمد عاطف، جنید اکبر ، خواجہ شیراز اور عامر ڈوگر کو بطور چیئرمین مراعات دی گئیں تھیں۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی رکن ثنا اللہ مستی خیل سرکاری گاڑی میں خیبر پختونخوا ہاؤس پہنچے تھے  تو ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آپ نے کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا لیکن ابھی بھی گاڑی اور مراعات واپس نہیں کیں؟

جس پر ثناء اللہ مستی خیل نے کہا میں نے گاڑی واپس کر دی تھی لیکن اسپیکر نے گاڑی واپس لینے سے انکار کر دیا، اسپیکر نے کہا جب تک استعفے منظور نہیں کیے جاتے آپ کی گاڑیاں واپس نہیں لے سکتے۔

قومی خبریں سے مزید