• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں موجود پیٹرولیم ذخائر موجودہ طلب پوری کرنے کیلئے کافی ہیں، این سی ایم سی

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) نے کہا ہے کہ ملک میں موجود پیٹرولیم ذخائر موجودہ طلب پوری کرنے کے لیے کافی ہیں، صوبائی حکومتوں کو ذخیرہ اندوزی روکنے، پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این سی ایم سی کا ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور فراہمی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں  آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور موجودہ طلب پوری کرنے کے لیے سپلائی مکمل طور پر کافی ہے۔

اجلاس کے دوران اوگرا کی جانب سے سپلائی سے متعلق درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کونسل نے مشاہدہ کیا کہ جولائی کے پہلے 15 دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں غیر معمولی اضافے کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی، قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے خدشے کے پیش نظر ذخیرہ اندوزی کے امکانات بھی موجود ہیں۔

نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل نے اوگرا کو ہدایت کی کہ وہ اپنے نگرانی اور نفاذ کے نظام کو مزید مؤثر بنائے، جبکہ صوبائی حکومتوں پر زور دیا گیا کہ وہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور عوام کو بلا تعطل پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

کونسل نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ملک میں موجود پیٹرولیم ذخائر موجودہ طلب پوری کرنے کے لیے کافی ہیں، اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ سپلائی چین میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل اور ہموار ترسیل یقینی بنائی جائے۔

قومی خبریں سے مزید