برطانیہ کے شہر لیڈز میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 ہزار پاؤنڈ سے زائد مالیت کے مشتبہ جعلی نوٹ برآمد کر کے 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق آرملے کے علاقے میں ایک مکان پر چھاپے کے دوران 20 پاؤنڈ کے جعلی نوٹ، جعلی دستاویزات، نوٹ چھاپنے کا سامان اور جعلی نوٹوں پر ہولوگرام لگانے کے لیے استعمال ہونے والے رولز قبضے میں لیے گئے۔
پولیس نے دو مردوں کو گرفتار کیا جن کی عمریں 28 اور 34 سال ہیں جبکہ ایک 34 سالہ خاتون کو بھی گرفتار کیا، خاتون سے متعلق منی لانڈرنگ کا شبہ ہے۔
تاہم بعدازاں تینوں افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے شواہد کی فرانزک جانچ کی جا رہی ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا اس جعلی کرنسی کے نیٹ ورک میں مزید افراد بھی ملوث ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشکوک کرنسی یا اس سے متعلق کسی بھی معلومات کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔