• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری نثار کا متحدہ کے کارکنوں پر مظالم سے لاعلمی باعث حیرت ہے، ندیم نصرت

لندن(پ ر) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے قومی اسمبلی میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی جانب سے ایم کیوایم کے لاپتا کارکنان، حراست کے دوران کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل اور لائسنس یافتہ اسلحہ کے حوالہ سے لاعلمی پر حیرت کااظہار کیا ہے۔ اگر وفاقی وزیرداخلہ ، مہاجروں کو انصاف فراہم کرنے میں مخلص ہیں تو انہیں ماورائے عدالت قتل کیے گئے 62 کارکنان، 135 لاپتہ کارکنان اور ضبط شدہ لائسنس یافتہ اسلحہ کی فہرست دوبارہ فراہم کی جاسکتی ہے ۔ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ گزشتہ تین برسوں سے ایم کیوایم کے خلاف ریاستی مظالم کا سلسلہ جاری ہے ،ان برسوں کے دوران مہاجروں کے سیاسی ، معاشی ، تعلیمی اور جسمانی قتل عام کی تمام ترتفصیلات میڈیا کے ریکارڈ پر موجود ہیں، اس کے علاوہ ایم کیوایم کے نمائندوںنے وزیراعظم میاں نوازشریف ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیربرائے ریلوے خواجہ سعدرفیق اور دیگر حکومتی نمائندوںسے متعدد ملاقاتیں کی تھیں جس کے دوران انہیں ایم کیوایم کے دفاتراور کارکنان کے گھروں پر غیرقانونی چھاپوں ، گرفتاریوں ، ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپر چھاپوں کے دوران حق پرست ارکان اسمبلی کے لائسنس یافتہ اسلحہ ضبط کرنے ،گرفتارشدگان کی جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی ایک ایک تفصیل سے آگاہ کیاگیا اور تمام واقعات کی تحریری تفصیلات پر مشتمل فائل بھی وزیراعظم میاں نوازشریف کو دی گئی ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ ان حقائق کے باوجود وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے قومی اسمبلی کے فلورپر ان واقعا ت سے لاعلمی کاا ظہا ر کرنااور ان واقعات کی تفصیلات طلب کرنانہ صرف تعجب خیز ہے بلکہ ان کی لاعلمی مظلوم مہاجروں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے بھی مترادف ہے۔
تازہ ترین