بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شردھا کپور نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ پاپ موسیقی کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن کے مشہورِ زمانہ گانے ’’بیڈ‘‘ پر رقص کرتی نظر آ رہی ہیں۔
جہاں ایک طرف بیشتر انسٹاگرام صارفین شردھا کی دلکش اداؤں اور رقص کے سحر میں مبتلا نظر آئے، تو وہیں ایک انٹرنیٹ صارف نے پس منظر میں نظر آنے والے بکھرے ہوئے کمرے کی وجہ سے اداکارہ کو ٹرول کرنے کی کوشش کی۔ تاہم شردھا کپور نے اسے کرارا جواب دے دیا۔
شردھا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر اس کمنٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں لکھا تھا کہ جس کا بھی روم ہے، بہت صفائی کی ضرورت ہے۔
اس پر مزاحیہ لیکن کرارا ردعمل دیتے ہوئے 'عاشقی 2' کی اداکارہ نے لکھا کہ روم جیسا بھی ہو، دل صاف ہونا چاہیے!
اس ویڈیو کلپ میں شردھا کپور کو اپنے مبینہ بوائے فرینڈ اور رائٹر راہول مودی کے کیمرے کے سامنے بے باک انداز میں ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ شردھا نے اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ کوئی ایسا ڈھونڈو جو آپ کا ایسا ڈانس نکال پائے۔
یاد رہے کہ شردھا کپور اور راہول مودی کے درمیان تعلقات کی افواہیں 2024 کے اوائل میں اس وقت شروع ہوئی تھیں جب دونوں کو ممبئی میں ایک ڈنر ڈیٹ کے بعد ایک ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد یہ جوڑی اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی قبل از شادی کی پرتعیش تقاریب میں بھی ایک ساتھ شریک ہوئی تھی۔
بعد ازاں، گزشتہ سال جون میں شردھا نے راہول مودی کے ساتھ اپنے رشتے کو انسٹاگرام پر باقاعدہ تسلیم کیا تھا۔ انہوں نے راہول کے ساتھ سفید لباس میں ایک سیلفی شیئر کی تھی، جس میں وہ محبت بھرے انداز میں راہول کا بازو تھامے ہوئے تھیں اور کیپشن لکھا تھا کہ دل رکھ لے، نیند تو واپس دے دے یار۔
شردھا کپور جلد ہی مراٹھی لوک فنکارہ وتھابائی نارائن گاؤنکر کی زندگی پر بننے والی بائیوپک فلم ’’ایتھا‘‘ میں مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ ان کی آنے والی فلموں کی لائن اپ میں ان کی سپر ہٹ فرنچائز کی تیسری فلم استری 3 بھی شامل ہے۔