نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ماڈل پر کام کر رہی ہے۔
نیو یارک میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی تقریب سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی، بہتر کریڈٹ ریٹنگ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ مثبت اشارے ہیں، حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ماڈل پر کام کر رہی ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے 28 مئی 1998 کو ایٹمی طاقت بن کر عالمی سطح پر اپنا مقام منوایا، مئی2025ء میں بھارتی جارحیت کے مقابل پاکستانی افواج اور قوم نے استقامت دکھائی۔
اُن کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کی قیادت اور قوم کا اتحاد قومی فخر ہے، خطے میں امن کےلیے ہم نے پانچ نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے پاکستانی امریکی برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کمیونٹی کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔
انہوں نے اس سے قبل نیو یارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی اور عرب اسلامی و یورپی ممالک کے سفرا کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔