اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نےسارک ینگ پارلیمنٹرینز کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں نوجوانوں کو حصہ دینا چاہیے، خطےکے مسائل بات چیت سے حل کرنا ہوں گے ،سارک کے رکن ملک علاقائی رابطوں کو فروغ دیں۔
ایاز صادق کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک آپس میں تعاون سے درپیش مسائل سے نمٹ سکتے ہیں اور سارک ممالک کے ینگ پارلیمنٹیرینز خطے میں امن و ہم آہنگی کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔
پاکستان میں یورپی یونین کے قائمقام نمائندے سٹیفانو گیٹو نےکہا کہ یورپی یونین پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کو اہمیت دیتا ہے۔
سارک ممالک کے نوجوان اراکین کی پہلی دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےاسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقد ہ ینگ پارلیمنٹیرینز کانفرنس سے جنوبی ایشیا میں جمہوریت مزید مستحکم ہوگی۔
سارک ممالک میں ینگ پارلیمنٹیرینز کی بڑی تعداد ہے جو خطے میں امن و ہم آہنگی کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ فرانس اور بیلجیئم آج اپنا دشمن مل کر تلاش کر رہے ہیں جو سارک ممالک کے لیے پیغام ہے۔آنے والی نسلوں کی ترقی کے لیے خطے میں امن و ہم آہنگی کی شدید ضرورت ہے۔
ینگ پارلیمنٹرینز کی سارک کانفرنس سیکرٹری جنرل سارک ارجن بہادر تھاپا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سارک کے قیام کا مقصد رکن ملکوں میں رابطوں کو فروغ دے کر امن،خوشحالی کےلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہے، سارک کے منشور پر عمل درآمد کے لئے نوجوانوں کا اہم کردار ہے، نوجوانوں کی شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔
سارک کانفرنس سے خطاب میں سٹیفانو گیٹو نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کئی شعبوں میں باہمی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں ،جنوبی ایشیا کی آبادی میں نوجوانوں کا بڑا تناسب ہے، سارک کانفرنس میں بھارت، افغانستان، بھوٹان، مالدیپ، نیپال سمیت سارک ممالک سے ارکان پارلیمنٹ شریک ہیں۔