کراچی کے ایدھی ہاکی اسٹیڈیم پرمیلہ سجادیا گیا، کروڑوں روپے مالیت کی بلیو آسٹروٹرف پر موٹرسائیکلیں دوڑائی گئیں، ڈوگ شو بھی ہوا، ہاکی فیڈریشن بے فکر جبکہ دوسرے صوبوں کو چیلنج دینے والے صوبائی وزیر کھیل بھی اس سے بے خبر رہے۔
پاکستان کا تاریخی ہاکی اسٹیڈیم جہاں کئی عالمی ٹورنامنٹس ہوئے ،اب وہاں ڈوک شو ہو رہے ہیں اورموٹر سائیکلیں دوڑائی جارہی ہیں۔
ابھی اس گراؤنڈ پر ساڑھے پانچ کروڑ کی لاگت سے بچھائی گئی آسٹرو ٹرف کی پہلی سالگرہ بھی نہیں ہوئی کہ اس کی بربادی کا سامان کر دیا گیا۔
ہاکی کلب میں میلہ لگایا گیا ، جس میں ہاکی کے سوا سب کچھ ہوا، ہاکی پلیئر کے بجائے نئی آسٹر ٹرف پر موٹر سائیکلیں دوڑتی رہیں۔
بلیو آسٹرو ٹرف پر میلے کے انعقاد پر ردعمل جاننے کیلئے ہاکی فیڈریشن کے حکام سے رابطوں کی تمام کوششیں رائیگاں گئیں البتہ سندھ کے سیکریٹری برائے کھیل محمد راشد کا کہنا ہے کہ فیڈریشن سے اس پر وضاحت ضرور مانگی ہے۔