نیو یارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے پیر کو ایک دلچسپ اور منفرد ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کر دیے۔
ظہران ممدانی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کچھ نئی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی ہیں جن میں انہیں اپنے آفس میں بچوں کی موجودگی میں ایک ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیوز میں بچے بھی اپنے ہاتھ کے نشانات سے مہر لگا کر ایگزیکٹیو آرڈر کی توثیق کرتے نظر آ رہے ہیں۔
میئر نیویارک نے اپنی پوسٹ میں بتایا ہے کہ آج میں نے اس ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کر کے بچوں کے لیے مقرر کردہ سونے کے اوقات کے قوانین کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے تاکہ نیویارک کے بچے بغیر کسی رکاوٹ کے این بی اے کے فائنل میں نِکس کو کھیلتا دیکھ سکیں۔
ظہران ممدانی نے مزید لکھا ہے کہ بطور میئر آپ بہت سے مشکل فیصلے کرنے پر مجبور ہوتے ہیں لیکن یہ فیصلہ مشکل نہیں تھا۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں اپنے شہر کی باسکٹ بال ٹیم نیو یارک نکس کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔
ظہران ممدانی نیو یارک نِکس کے مداح ہیں اور اپنے پسندید باسکٹ بال کلب کے 27 سال میں پہلی بار چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے پر بے حد خوش ہیں۔