• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس: گدھوں کی مدد سے ذہنی مریضوں کا علاج

—فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
—فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

فرانس کے ایک نفسیاتی اسپتال میں ذہنی صحت کے علاج کے لیے گدھوں کی مدد لی جا رہی ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پیرس کے مضافات میں سرسبز و شاداب ماحول اور تاریخی عمارتوں کے درمیان واقع ویل ایورارڈ اسپتال مریضوں کو روایتی طبی علاج کے ساتھ ایک منفرد اور پُرسکون تجربہ بھی فراہم کر رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس منفرد منصوبے کے تحت مریض گدھوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، انہیں سیر کرواتے ہیں، ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور ان کے ساتھ جذباتی تعلق قائم کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ سیشن کے دوران بھی مریضوں نے 5 گدھوں کے ساتھ خوش گوار وقت گزارا اور رخصت ہوتے ہوئے انہیں محبت سے گلے بھی لگایا۔

اسپتال کے 60 سالہ مریضہ نتھالی نے میڈیا کو بتایا کہ گدھوں کے ساتھ وقت گزارنے سے مجھے ویسا ہی سکون ملتا ہے جیسا کسی پُرسکون دوا کے استعمال سے حاصل ہوتا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ علاج کا یہ طریقہ کار ذہنی سکون فراہم کرتا ہے اور انسان تمام دنیاوی پریشانیاں بھول جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پیرس کے اسپتال میں مریضوں کو علاج کی یہ سہولت بغیر کسی معاوضے کے فراہم کی جاتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس علاج کے دوران ہر مریض کو ایک مخصوص گدھے کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے تاکہ وقت کے ساتھ دونوں ایک دوسرے کی عادات اور مزاج سے واقف ہو سکیں۔

اسپتال کے اس یونٹ میں کام کرنے والی نرس آڈرے سیفار نے میڈیا کو بتایا کہ نیتھلی کی ذہنی حالت میں گدھے کے ساتھ چند ملاقاتوں کے بعد ہی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتداء میں وہ جسمانی معذوری کے باعث وہیل چیئر سے نکلنے پر آمادہ نہیں تھیں، لیکن گدھے کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد ان میں اعتماد پیدا ہوا اور اب وہ ویل چیئر سے اٹھ کر گدھے کے ساتھ کھڑی بھی ہوتی ہیں۔

صحت سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید