سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سرکاری کمپنیوں کی جانب سے سالانہ ریٹرنز اور مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے پر کارروائی کی ہے۔
ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنیز ایکٹ اور کارپوریٹ گورننس ریگولیشنز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
36 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو جاری 58 شوکاز پر پراسیڈنگ مکمل کر لی گئی، جن میں 46 شوکاز نوٹسز پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں جبکہ 12 پر تنبیہی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
مجموعی طور پر 3 لاکھ 75 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ مارچ 2026ء میں 41 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو 66 شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے تھے، جن میں سے 58 شوکاز نوٹسز پر کارروائی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ 8 نوٹسز پر کارروائی جاری ہے۔
سالانہ ریٹرن جمع نہ کرانے پر کم از کم 25 ہزار روپے جرمانہ جبکہ سالانہ ریٹرن اور مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
مسلسل عدم تعمیل پر زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
شوکاز پراسیڈنگ کے دوران کمپنیوں کو مؤقف پیش کرنے کا مناسب موقع بھی دیا گیا۔
متعدد سرکاری کمپنیوں نے شوکاز نوٹسز کے بعد زیرِ التواء سالانہ ریٹرنز جمع کرا دیے جبکہ ان کمپنیوں کی ریٹرن فائلنگ میں رہنمائی کے لیے خصوصی سہولت ڈیسک قائم کی گئی ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق شوکاز فیصلوں کی نقول متعلقہ پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز اور سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کو ارسال کی گئی ہیں۔