بھارت کے مقبول ترین ٹیلی ویژن شو ’بھابھی جی گھر پر ہیں‘ کے پروڈیوسر پر جنسی ہراساں کرنے کے جھوٹے الزامات لگانے کا اعتراف کرنے والی اداکارہ شلپا شندے اس وقت سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنی ہوئی ہیں۔
جہاں ایک طرف انڈسٹری ان کے خلاف کھڑی ہو گئی، وہی شلپا شندے نے قدم پیچھے ہٹانے کے بجائے مخالفین کو کھلم کھلا چیلنج کر دیا۔
شلپا شندے کے اس سنسنی خیز اعتراف کے بعد آل انڈین سائن ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک باضابطہ بیان جاری کیا۔
ایسوسی ایشن نے مہاراشٹرا کے وزیرِ اعلیٰ سے اس معاملے میں مداخلت کرنے اور شلپا شندے کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ایسے جھوٹے الزامات انڈسٹری میں واقعی ہراساں کی جانے والی سچی خواتین کے مقدمات اور ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔
اس بڑی کارروائی کی دھمکی اور سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید کا جواب شلپا شندے نے اپنے روایتی انداز میں دیا۔
انہوں نے انسٹاگرام پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی جس پر صاف لفظوں میں لکھا تھا، ’جو جو کرنا ہے کرلو‘
اپنی ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا، ’جلنے والو جلتے رہو، اپنا خون کسی ضرورت مند کو مت دو، جلا جلا کے ختم کر دو۔‘ ایک اور پوسٹ میں انہوں نے جاری تنازع پر طنز کرتے ہوئے ایک ڈائیلاگ بولا، ’سب صاف بولنے کے چکر میں، زندگی سے آدھے لوگ صاف ہو گئے۔‘