برطانوی جریدے کے مطابق فٹ بال ورلڈ کپ 2026ء کے لیے 1 لاکھ 80 ہزار ٹکٹ دوبارہ فروخت کے لیے پیش کردیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ فٹ بال کے میچوں کے ٹکٹوں کی ڈیمانڈ کم ہونے پر عالمی فٹبال تنظیم فیفا کو خدشہ ہے کہ اسٹیڈیمز خالی رہ سکتے ہیں۔
برطانوی جریدے نے کہا ہے کہ ٹکٹوں کی دوبارہ آن لائن فروخت کے ’ری سیل پورٹل‘ پر ٹکٹوں کی قیمتیں 1 ماہ میں 20 فیصد کم ہوگئی ہیں۔
کئی ری سیلرز کو ٹکٹ کی فروخت میں نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، امریکا کے افتتاحی میچ کے 4 ہزار 400 ٹکٹ اب بھی بکنے کے لیے دستیاب ہیں جبکہ مجموعی طور پر فیفا پورٹل پر اب بھی ہزاروں ٹکٹ براہِ راست دستیاب ہیں۔
اسی دوران نیو یارک اور نیو جرسی میں ٹکٹ کی قیمتوں پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ورلڈ کپ فائنل کے ٹکٹ کی قیمتوں کا آغاز 4 ہزار 185 ڈالر سے ہوا ہے جو پاکستانی روپوں میں 11 لاکھ 64 ہزار سے زائد رقم بنتی ہے۔
مہنگے ترین ٹکٹ کی قیمت 8 ہزار 680 ڈالر تک گئی ہے، جو پاکستانی روپوں میں 24 لاکھ سے زائد ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیفا کو ٹکٹ اور ہاسپیٹیلٹی سے 3 ارب ڈالر آمدن کی امید تھی، سعودی عرب کے میچز کے ہزاروں ٹکٹ اب بھی دستیاب ہیں، جو اکثر جگہ فیس ویلیو سے کم میں فروخت ہورہے ہیں۔