چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری کو صوبوں پر نہ ڈالے۔ آپ نے جتنا قرضہ لیا ملکی تاریخ میں اتنا کسی نے قرضہ نہیں لیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بجٹ کا معاملہ کچھ سیاسی نہیں بلکہ ایک آئینی اور اہم ایشو ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی دشمن کے خلاف ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہونا چاہیے، دفاعی بجٹ پورا کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، وہ اسے پورا کرے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گزشتہ 4 سال میں ناکام ہوتی رہی ہے، حکومت نے ایف بی آر کو ناکام کیا کہ وہ اصلاحات نہ لاسکے۔ آپ نے ادارہ جاتی اصلاحات نہیں کیں جس سے کاروباری طبقہ بھی متاثر ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کا شیئر انہیں مکمل طور پر ملنا چاہیے۔ این ایف سی پر جو عمل آپ براہ راست نہیں کر سکتے وہ کسی دوسرے راستے سے بھی نہیں کرسکتے۔